کراچی: آزاد جموں و کشمیر کے وزیر برائے توانائی و آبی وسائل چوہدری ارشد حسین نے تیسری بین الاقوامی سولر کلین انرجی کانفرنس اور نمائش 2023 کا سافٹ افتتاح کیا۔
آزاد جموں و کشمیر کے وزیر نے اس بات کو سراہا کہ آنے والی کانفرنس کے منتظم، انرجی اپ ڈیٹ، ملک میں وافر مقدار میں دستیاب توانائی کے مقامی اور قابل تجدید ذرائع کو فروغ دینے کے لیے مسلسل کانفرنسیں اور نمائشیں منعقد کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انرجی اپڈیٹ کے ذریعے پن بجلی، ہوا اور شمسی توانائی کے وسائل پر منعقد کی جانے والی کانفرنسیں پاکستان کی توانائی کی آزادی کی طرف ایک قدم آگے ہیں۔
کانفرنس کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین نعیم قریشی نے کہا کہ آنے والی سولر کلین انرجی کانفرنس جون 2030 میں کراچی میں منعقد ہوگی جس کے لیے متبادل توانائی بورڈ حکومت پاکستان ،سولر انڈسٹری ایسوسی ایشن اور دیگر تنظیموں کا تعاون حاصل ہے ۔ اس کانفرنس اور نمائش میں پاکستان بھر سے اور دنیا کے مختلف ممالک سے مختلف نمایاں کمپنیوں کے اعلی حکام ماہرین سرمایہ کار صنعتی و تجارتی ایسوسی ایشن شریک ہوگی ۔
انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس حکومت کی مدد کے لیے منعقد کی جائے گی تاکہ صاف توانائی کے وسائل کے زیادہ سے زیادہ استعمال کو یقینی بنایا جا سکے جو ملک کے ہر حصے میں وافر مقدار میں موجود ہیں۔ کانفرنس شمسی توانائی کے میدان میں جدید ترین تکنیکی ایجادات کو بھی پیش کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ یہ متعلقہ ماہرین صاف توانائی کے شعبے میں پاکستان کے لیے آگے بڑھنے کا راستہ تجویز کریں گے۔
