کراچی ، لاہور : کراچی سے خیبر تک ایک دہائی ، ہائے مہنگائی ، ہائے مہنگائی۔کہاں گئے سب دعوے ، سب وعدے۔ملک بھر میں مہنگائی کو ٹاپ گیئر لگ گیا۔
بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی تمام امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔مہنگائی کی مجموعی شرح 24.5فیصد سے بڑھ گئی۔آٹا، گھی، دالیں، سبزیاں ، پھل، مرغی، انڈے، دودھ، نان اور روٹی کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں ۔کئی شہروں میں مرغی کا گوشت 500روپے سے بڑھ گیا۔ایک درجن انڈے 300روپے تک پہنچ گئے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں برائلر چکن 519 روپے تک پہنچ گیا، فارمی انڈوں کی قیمت 274 روپے درجن مقرر کر دی گئی۔ روٹی 15 ، نان 25 روپے کر دیا گیا ۔ چکی آٹا 140 روپے کلو، فلور ملز کا سبسڈائز آٹا 10 کلو کا 648 اور 20 کلو کا 1295 روپے کا آٹا غائب کر دیا گیا۔ فلور ملز کا 15 کلو کا پرائیوٹ آٹے کا تھیلا چند ماہ میں 1300 روپے سے بڑھ کر 1900 روپے تک پہنچ گیا۔ باسمتی چاول 310 روپے کلوگرام ، پیاز 200 روپے، دہی 160 اور دودھ 140 روپے کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔
آلو کے سرکاری نرخ 34 روپےفی کلو مقرر، مارکیٹ میں 45روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔پیاز کی سرکاری قیمت 214,مارکیٹ میں 230 روپے کلو فروخت ہونے لگا۔ٹماٹر کے سرکاری نرخ 70 روپے مارکیٹ میں 100 روپے فی کلو فروخت ہورہا۔ادرک 370،لہسن 300،سبز مرچ کے سرکاری نرخ 125روپے مقرر کر دیا گیا۔گاجر چائنہ 78، گاجر دیسی 40، مٹر 74 روپے کلو،میتھی 68، بند گوبھی کی قیمت 28, پھول گوبھی 42 روپے فی کلو مقرر کر دیا گیا ہے۔پھلوں کی قیمتوں میں کمی نہ ہو سکی۔سیب کے سرکاری نرخ 250 روپے مقرر، مارکیٹ میں 280 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔کیلا سپیشل 160 روپے درجن میں فروخت ہونے لگا۔انار قندھاری کے سرکاری نرخ 235،انگور کے 240روپے فی کلو مقرر کر دیا گیا۔کینو سپیشل 210روپے، کینو اول 120 روپے درجن مقرر کیا گیا ہے۔ ادھرکوئٹہ میں 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں یکمشت 200روپے اضافہ ہوگیا جس سے 20کلو آٹے کا تھیلا 2500روپے تک پہنچ گیا ہے۔
کوئٹہ میں مرغی کا گوشت 520روپے کلو ہوگیا ہے۔انڈے 300روپے درجن ہیں ۔ کے پی کے میں برائلر مرغی کا گوشت اور انڈے مہنگے ہوگئے ہیں۔آٹے کا 20کلو کا تھیلا 2800روپے کا ہوگیا ہے۔ سبزیوں ، پھلوں سمیت تمام اشیائے خوردو نوش کی قیمتیں بھی اوپر جارہی ہیں۔
