کراچی :محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سردی مزید بڑھنے سے شہر کا درجہ حرارت 8 سے 10 ڈگری تک گر جائے گا۔
چیف میٹرو لوجسٹ ڈاکٹر سردار سرفرازنے کہاکہ کراچی میں شمال سے سرد اور خشک ہوائیں چلنے لگی ہیں، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔
شہر میں سردی بڑھنے سے سڑکوں پر زندگی گزارنے والوں کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ڈائریکٹرمیٹ سردار سرفراز نے کہاکہ 1991 کراچی کا درجہ حرارت 2.3 سینٹی گریڈ اور 21 جنوری 1934 میں صفر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ڈی جی میٹ کے مطابق کراچی میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔ جس کے بعد کم سے کم درجہ حرارت 8 سے 10 تک گر سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سردی کی لہر جنوری ہی میں آتی ہےصبح کے اوقات میں 4 جنوری کو کراچی کا درجہ حرارت 11 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جب کہ ہوائیں 12 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی تھیں۔
دن کے اوقات میں شہر قائد کا درجہ حرارت 25 سے 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا۔سردار سرفرازنے کہاکہ سردی کی یہ لہر شہر میں 7 جنوری تک برقرار رہ سکتی ہے، تاہم فروری تک کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔ سردی کی شدت میں اصافے پر شہریوں کا کہنا ہے کہ شکر ہے کراچی میں سردی تو پڑی۔
