اسلام آباد: جنیوا کانفرنس آج شروع ہوگی۔ وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ اسلام آباد سے جنیوا پہنچ گئے۔وزیر اعظم کے وفد میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان اور وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب شامل ہیں۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم 9 جنوری 2023 کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترس کے ساتھ مل کر پاکستان کی تعمیر نو اور بحالی میں شراکت کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کریں گے۔ پاکستان کانفرنس میں تعمیر نو اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کا فریم ورک پیش کرے گا اور اس کو عملی جامہ پہنانے کے لئے بین الاقوامی تعاون اور طویل المدتی شراکت داری کی اہمیت پر زور دے گا۔کانفرنس میں اعلیٰ سطح افتتاحی اجلاس کے بعد باضابطہ طور پر تعمیر نو اور بحالی میں شراکت کی دستاویز پیش کی جائے گی اور بعد ازاں پارٹنر سپورٹ کے اعلانات کئے جائیں گے۔
وزیراعظم اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل مشترکہ پریس سٹیک آؤٹ میں بھی شرکت کریں گے۔کانفرنس میں سربراہان مملکت و حکومت، وزرا اور متعدد ممالک کے اعلیٰ سطح نمائندے اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں، فاؤنڈیشنز اور فنڈز کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی ترقیاتی تنظیموں، نجی شعبے، سول سوسائٹی اور آئی این جی اوز کے نمائندے شرکت کریں گے۔
جنیوا روانہ ہونے سے قبل ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ کانفرنس کے دوران شرکا کو اپنی حکومت کی جانب سے متاثرین کے ریلیف اور بحالی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے دوران تباہی کے بعد بحالی، تعمیرنو اور ریکوری کے حوالے سے جامع پلان بھی دوست ممالک اور ترقیاتی شراکت داروں کے سامنے رکھیں گے۔وزیر اعظم نے کہا کہ اہم بنیادی ڈھانچے، زندگی اور معاش کی تعمیر و روزگار اور معیشت کی بحالی اس فنڈنگ کے خلا کو پر کرنے کے لئے اہم ہے۔
انہوں نے کہا انسانیت دنیا کی تاریخ میں ایک مؤثر نکتہ ہے، ہمارے آج کے اقدامات ہماری آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کی تشکیل کریں گے، سیلاب اور تباہ کن بارشوں سے لاکھوں پاکستانی متاثر ہوئے ہیں اور وہ یکجہتی کے منتظر ہیں جوانہیں دوبارہ بہترین تعمیر کی طرف لے جائے گی۔
آئی ایم ایف کی ترجمان ایسٹر پیریز نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان سے ایم ڈی آئی ایم ایف کی جنیوا کانفرنس کے حوالے سے تعمیری بات چیت ہوئی۔آئی ایم ایف ترجمان نے بتایا کہ جنیوا میں بین الاقوامی کانفرنس لچکدار پاکستان کے سلسلے میں ہو رہی ہے، ایم ڈی آئی ایم ایف نے پاکستان میں سیلاب سے براہ راست متاثر ہونے والوں کے لئے ہمدردی کا اظہار کیا ہے، آئی ایم ایف پاکستان کی سیلاب سے پائیدار بحالی کی مدد کرتا ہے۔ترجمان آئی ایم ایف نے کہا جنیوا کانفرنس کے موقع آئی ایم ایف وفد کی پاکستانی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات بھی متوقع ہے، وزیر خزانہ سے ملاقات میں نمایاں مسائل کے حوالے سے آگے بڑھانے پر بات چیت متوقع ہے۔
