اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنیوا کانفرنس میں9 ارب ڈالر سے زائد رقم ملنا غیبی امداد سے کم نہیں، اتنی بڑی رقم کا پاکستان کو ملنا موجودہ اتحادی حکومت پر دنیا کے اعتماد کا اظہار ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے جنیوا کانفرنس کی کامیابی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا اللہ تعالی کا شکرہے جس نے پاکستان اور مصیبت زدہ عوام کے لئے بہتری کی راہ کھولی۔انہوں نے کہا یہ اکائیوں اور 22 کروڑ عوام کے اتحاد کی کامیابی ہے، یہ پاکستان کے ٹیم ورک کی کامیابی ہے، وفاق اور اکائیوں کے اسی ٹیم ورک اور قومی جذبے سے پاکستان اور عوام کو مشکلات کی دلدل سے نکالیں گے، اس امانت کو دیانت داری، شفافیت اور تھرڈ پارٹی آڈٹ سے حق داروں تک پہنچائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا تمام عالمی پارٹنرز بالخصوص سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا تہہ دل سے شکرگزار ہوں، ہمیشہ مہربان بھائی سعودی عرب، عظیم دوست چین، برادر ملک ترکیہ کی قیادت کے مشکور ہیں، ولی عہد اور سعودی عرب کے وزیراعظم محمد بن سلمان کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے کانفرنس کے علاوہ پاکستان کی مالی معاونت کا فراخ دلانہ اور برادرانہ قدم اٹھایا۔انہوں نے کہا پاکستان کے عظیم برادر ممالک متحدہ عرب امارات اور قطر کی قیادت کا خاص طور پر شکریہ ادا کرتے ہیں، یورپی یونین، امریکہ، جرمنی، جاپان، فرانس سمیت کانفرنس میں شریک تمام ملکوں کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا اسلامی ترقیاتی بینک، ورلڈ بینک، اے ڈی بی، یو ایس ایڈ، ڈیفیڈ اور دیگر اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں وزارت خارجہ نے کانفرنس کے مقاصد کے حصول میں نہایت متحرک اور قابل تحسین کردار ادا کیا، وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کانفرنس کو پاکستان کو درپیش مالی مشکلات سے آگاہ کرنے، سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے درکار وسائل کی فراہمی اور عالمی مالیاتی اداروں کو قائل کرنے میں اہم کردار ادا کیا، مریم اورنگزیب، شیری رحمٰن، حنا ربانی کھر نے بھی کانفرنس کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ متاثرین سیلاب کیلئے جینوا کانفرنس میں 9 ارب ڈالر جمع کر لئے،پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونے پر اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری سمیت عالمی برادری کے شکرگزار ہیں،کانفرنس توقعات سے بڑھ کر کامیاب ہوئی۔
