کراچی: سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ عمران نیازی نے دنیا سے پاکستان کے تعلقات کو خراب کیا اور پاکستان کے امیج کو نقصان پہنچایا جبکہ بلاول بھٹو نے پاکستان کا مقدمہ دنیا کے سامنے رکھا اور اقوام متحدہ کے تحت ڈونرز کانفرنس میں بلاول بھٹو نے پاکستان کا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کیا۔
انہوں نے کہاکہ دنیا سیلاب سےمتاثرہ پاکستان کے لوگوں کی بحالی کے لئے دس ارب ڈالر عطیہ دے گی جس کا کریڈٹ بلاول بھٹو کو جاتا ہے۔ سندھ حکومت سیلاب سے متاثرہ بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی انہیں ان کے گھروں میں آباد کریں گے۔ہم پاکستان میں دس ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کرنے پر سعودی عرب حکومت کے بھی شکر گزار ہیں۔
سندھ اسمبلی کمیٹی روم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومتیں آتی جاتی ہیں مگر ریاست مستقل رہتی ہے۔ بدقسمتی سے پاکستان تحریک انصاف کا محور پاکستان نہیں صرف عمران خان ہے بدقسمتی سے کہنا پڑتا ہے کہ ملک کتنی تکلیف سے گزرے ان کے چاہنے والوں کو تکلیف نظر نہیں آتی ہے صرف عمران نظر آتا ہے۔
ان کاکہناتھاکہ پاکستان کو بہتر کرنے کی پذیرائی کے لئے انہوں نے کوئی کوشش نہیں کی وہ جب بھی باہر جاتے تھےتو کہتے تھے پاکستان میں بڑی کرپشن اور تباہی ہے جب کوئی بری چیز ہوئی انہوں نے شادیانے بجائے جب کچھ بہتری ہوئی تو انہوں نے ماتم کیا۔
