بلدیاتی حلقہ بندیاں ہماری بقاء اور آئندہ نسلوں کا معاملہ ہے، ہم الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے، ہمیں پتہ ہے پری پول دھاندلی ہوچکی ہے لیکن ہم مقابلہ کریں گے۔ وسیم اختر
ایم کیوایم کے 7 ووٹوں کی وجہ سے آج وفاق میں آپ حکومت کا حصہ ہیں آپکے وفاقی وزیر بیرون ممالک کے دورے کررہے ہیں۔ وسیم اختر
پیپلز پارٹی نے من پسند حلقہ بندیاں کی ہیں تاکہ اپنا میئر لاسکیں، دیہی یوسیز شہر میں شامل کردی گئی ہیں۔سید سہیل محمودمشہدی
پیپلزپارٹی 14 سال سے قابض ہے صوبے کا حال سب کے سامنے ہے، یہ چاہتے ہیں کہ پورے صوبے پر انکا قبضہ ہو، انکے اپنے اضلاع کا حال دیکھ لیں لاڑکانہ تباہ ہے۔ سید سہیل محمودمشہدی
ایم کیوایم کو کمزورسمجھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں جب ایم کیوایم کی قیادت نے حکم دیا کہ بلدیاتی الیکشن نہیں ہونگے تو صرف حیدر آباد میں ہرتال بھی ہوگی اور بھر پور احتجاج بھی ہوگا۔ نوید عباسی
الیکشن کمیشن نے انصاف کے تقاضے پورے نہیں کئے، الیکشن کمیشن نے سندھ میں نہ صرف اپنی یہ ذمہ داری پوری نہیں کی بلکہ تمام قانونی تقاضوں کو بھی پس پشت ڈال دیاہے۔انجینئر صابر حسین قائمخانی
جعلی حلقہ بندیوں کی وجہ سے شہری سندھ کی ایک چوتھائی آبادی حقیقی نمائندگی سے محروم رہ گئی ہے۔ندیم احمد صدیقی
جس الیکشن میں جعلی حلقہ بندیوں اور جعلی ووٹر لسٹ کے ذریعے دھاندلی ہو چکی ہو اس کو کسی صورت تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ راشد خلجی
متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) حیدر آباد ڈسڑکٹ کے زیر اہتمام حیدر آباد پریس کلب پر سندھ سرکار کی تعصبانہ حلقہ بندیوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ سے خطاب
متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) حیدر آباد ڈسڑکٹ کے زیر اہتمام حیدر آباد پریس کلب پر سندھ سرکار کی تعصبانہ حلقہ بندیوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔احتجاجی مظاہرے میں ایم کیوایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر وسابقہ میئر کراچی وسیم اختر،ڈپٹی کنوینرعبدالوسیم،رکن رابطہ کمیٹی وسابقہ میئر حیدر آباد سید سہیل مشہدی،ایم کیوایم سندھ تنظیمی کمیٹی انچارج سلیم رزاق واراکین،حیدر آباد ڈسڑکٹ انچارج ظفراحمد صدیقی واراکین حق پرست ارکان اسمبلی حیدر آباد انجینئر صابر حسین قائم خانی،صلاح الدین،راشد خلجی،ندیم احمد صدیقی،ناصر حسین قریشی سمیت ٹاونز و یوسیز کے ذمہ داران اور خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مظاہرین سے ڈپٹی کنوینر وسابقہ میئر کراچی وسیم اخترنے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم بلدیاتی نظام کو مضبوط بنانے کے لئے سپریم کورٹ گئے، سندھ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے کو خاطر میں نہیں لارہی ہے،انہوں نے کہاکہ ہم نے ان لوگوں کیساتھ جو معائدہ کیا اس میں عوام کے مسائل سامنے رکھے مگر چھ ماہ ہوگئے یہ ہمیں لارے لپے دے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے معاہدے میں مولانافضل الرحمن,شہباز شریف اور بلاول کے دستخط موجود ہیں مگرہمارے ساتھ دھوکے پر دھوکا کیا جارہا ہے،ہماری نیک نیتی کا ناجائز فائدہ نہ اٹھایا جائے۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کے 7 ووٹوں کی وجہ سے آج وفاق میں آپ حکومت کا حصہ ہیں
آپکے وفاقی وزیر بیرون ممالک کے دورے کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بلدیاتی حلقہ بندیاں ہماری بقاء اور آئندہ نسلوں کا معاملہ ہے، ہم الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے، ہمیں پتہ ہے پری پول دھاندلی ہوچکی ہے لیکن ہم مقابلہ کریں گے، ان لوگوں نے ایم کیو ایم کی پیٹھ پر چھرا گھونپا ہے، ہمارے 7 ووٹ کنگ میکر ہے ہماری وجہ سے آپکی حکومت بنی۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس آج بھی دوسری طرف کا آپشن موجود ہے، آصف زرداری صاحب اپنا وعدہ پورا کریں، اگر وعدے پورے نہ کیے تو ایسا نہ ہو کہ جیسا عمران کیساتھ کیا ویسا ہی ہوجائے، جیسے ہم نے عمران کو اقتدار سے نکالا آپکو بھی باہر کرسکتے ہیں۔
رکن رابطہ کمیٹی وسابقہ میئر حیدر آباد سید سہیل مشہدی نے خطا ب کرتے ہوئے کہاکہ پیپلز پارٹی نے من پسند حلقہ بندیاں کی ہیں تاکہ اپنا میئر لاسکیں، دیہی یوسیز شہر میں شامل کردی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی 14 سال سے قابض ہے صوبے کا حال سب کے سامنے ہے، یہ چاہتے ہیں کہ پورے صوبے پر انکا قبضہ ہو، انکے اپنے اضلاع کا حال دیکھ لیں لاڑکانہ تباہ ہے، چیٹنک کرکے زبردستی کا میئر کیوں لانا چاہتے ہیں، یہ کون سا طریقہ ہے مردم شماری اور حلقہ بندہاں اپنی مرضی کی کرو، کیا دادو سیہون لاڑکانہ میں دودھ کی ندیاں بہہ رہی ہیں، ایم کیوایم حیدر آباد ڈسڑکٹ کے سینئر جوائنٹ انچارج نوید عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم کو کمزورسمجھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں جب ایم کیوایم کی قیادت نے حکم دیا کہ بلدیاتی الیکشن نہیں ہونگے بلکہ حیدر آباد میں ہرتال بھی ہوگی اور بھر پور احتجاج بھی ہوگا
انہوں نے کہاکہ حیدر آباد میں سندھ حکومت کی غیر منصفانہ حلقہ بندیوں پر آج عوام سڑکوں پر اگر حکمرانوں نے اپنی روش نہ بدلی تو عوام انکا محاسبہ کریں گی۔رکن قومی اسمبلی انجینئر صابر حسین قائم خانی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ الیکشن کمیشن نے انصاف کے تقاضے پورے نہیں کئے، الیکشن کمیشن نے سندھ میں نہ صرف اپنی یہ ذمہ داری پوری نہیں کی بلکہ تمام قانونی تقاضوں کو بھی پس پشت ڈال دیاہے۔ انہوں نے کہاکہ شفا ف، غیر جانبدارانہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہی الیکشن کمیشن کی واحد ذمہ داری ہے۔
رکن صوبائی اسمبلی ندیم صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جعلی حلقہ بندیوں کی وجہ سے شہری سندھ کی ایک چوتھائی آبادی حقیقی نمائندگی سے محروم رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن انتخابات سے قبل دھاندلی نہیں رکوا سکا اور یہ سوالیہ نشان اس کی شفافیت پر لگا رہے گا۔ رکن صوبائی اسمبلی راشد خلجی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مہاجروں اور سندھ کے شہری علاقوں کی نمائندگی جعلی طریقے سے چھیننے کی سازش کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ جس الیکشن میں جعلی حلقہ بندیوں اور جعلی ووٹر لسٹ کے ذریعے دھاندلی ہو چکی ہو اس کو کسی صورت تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ مظاہرین سے ایم کیوایم حیدر آباد ڈسڑکٹ ممبرز دلاور قریشی ایڈوکیٹ اور صابرحسین ایڈوکیٹ نے خطاب کیا