پوچیفسٹروم : پاکستان نے آئی سی سی ویمنز انڈر 19 ٹی 20 ورلڈ کپ کا فاتحانہ انداز میں آغاز کرتے ہوئے روانڈا کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
اتوار کو سینویس پارک، پوچیفسٹروم میں کھیلے گئے گروپ بی کے میچ میں روانڈا انڈر 19 ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں8 وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنائے ، کپتان جیزیل اشموے 40 اور سنتھیا ٹوئیزر21 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔
پاکستان کی طرف سے اریشہ نور نے دو جبکہ زیب النساء ، انوشہ ناصر اور عروب شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، جواب میں پاکستان انڈر 19 ویمنز ٹیم نے مطلوبہ ہدف 17.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، ایمان فاطمہ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 65 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ، عروب شاہ 20 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں بیٹر رہیں۔
گروپ سی کے میچ میں ویسٹ انڈیز انڈر 19 نے آئرلینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 8 رنز سے ہرا دیا ، فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنائے ۔
زیدہ جیمز نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 52 رنز بنائے، آئرلینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 118 رنز ہی بنا سکی ، اینابیل سکوائرز 42 رنز بنا کر نمایاں رہیں ، ویسٹ انڈیز کی زیدہ جیمز نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، انہیں میچ کی بہترین پلیئر قرار دیا گیا ۔
