اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کی صورت میں جوابی ایکشن پلان تیار کرلیا،چیئرمین شپ سے ہٹانے کے بعد عمران خان کو پیٹرن اِن چیف بنایا جائے گا۔ جیو نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی سربراہ عمران خان کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کی صورت میں آ ئندہ کی حکمت عملی تیار کرلی ہے، جس کے تحت عمران خان کو چیئرمین شپ سے ہٹانے کے بعد پی ٹی آئی کا پیٹرن اِن چیف بنایا جائے گا، عمران خان نئے عہدے کے ساتھ تمام اختیارات اور سربراہی جاری رکھ سکیں گے۔
عمران خان کو پیٹرن ان چیف بنانے کیلئے پی ٹی آئی کے آئین میں بھی تبدیلی نہیں کی جائے گی، بلکہ پیٹرن ان چیف بنانے کی پی ٹی آئی کے آئین میں گنجائش موجود ہے۔
عمران خان کو پیٹرن ان چیف بنانے کیلئے اس معاملے کو کورکمیٹی میں رکھا جائے گا اور پھر وہاں سے توثیق کے بعد عمران خان کو پیٹرن ان چیف کے عہدے پر پارٹی کی سربراہی کیلئے بٹھایا جائے گا۔
