گورنر کا رات گئے کیماڑی سی فوڈ اسٹریٹ کا دورہ،لوگوں میں گھل مل گئے !

کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کیماڑی کی راشد سی فوڈ اسٹریٹ کا دورہ کیا ، اس موقع پر گورنر سندھ نے وہاں موجود عوام اور دوکانداروں سے بات چیت بھی کی اور لوگوں میں گھل مل گئے ۔

عوام نے گورنر سندھ کو اپنے درمیان دیکھ کر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا اور انہوں نے گورنر سندھ کے ساتھ تصاویر اور سلفیاں بنوائیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ بیماری کی باعث کچھ دن عوام سے دور رہا اور اب طبیعت بہتر ہوتے ہی عوام کے درمیان موجود ہوں، انہوں نے مزید کہا کہ عوام سے اپنا رشتہ کسی صورت نہیں توڑوں گا۔

کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ عوام سے ان کے مسائل معلوم کرتاہوں تاکہ حل کے لئے اقدامات کرسکوں، انہوں نے کہا کہ سی فوڈ اسٹریٹ پر عوام کی بڑی تعداد میں موجودگی خوش آئند ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ شہر کی روشنیوں کی بحالی کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، سر سبز و شاداب اور صاف ستھرا کراچی ہمارا مقصد ہے، میرے تمام اقدامات اور ملاقاتوں کا مقصد کسی بھی طرح سیاسی نہیں، میں صرف اور صرف لوگوں کو باہم جوڑنا چاہتا ہوں اور اس مقصد کے لئے کوشش کرتا رہوں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: