کراچی: پاکستان قومی موومنٹ کے چیئرمین اقبال کاظمی نے کہا ہے کہ الطاف حسین کی مخالف قوتوں کو ملاکر ایک بنایا جارہا ہے تاکہ مہاجروں کا ووٹ بینک تقسیم کیا جائے مگر الطاف حسین کسی جماعت کا نہیں بلکہ تحریک کا نام ہے، چھوٹی جماعتوں کے اتحاد الطاف حسین کی مقبولیت اور ووٹ بینک کو کم نہیں کرسکتے۔
پاکستان قومی موومنٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں اقبال کاظمی نے کہا کہ ایم کیو ایم (حقیقی)، فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال کو ملا کر ایک جوڑ بنایا جارہا ہے تاکہ الطاف حسین کا ووٹ بینک تقسیم کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ باطل قوتیں یہ بھول گئیں کہ الطاف حسین کسی جماعت کا نہیں بلکہ ایک تحریک کا نام ہے، ملک میں اب تک تین ہی قائد آئے قائد اعظم ، قائد ملت اور قائد عوام،
اقبال کاظمی نے کہا کہ دنیا نے انہیں لوگوں کو زندہ و جاوید رکھا جن کے پاس نظریہ ہیں، کسی کی ایماں پر اتحاد قوم کے لیے نہیں بلکہ اپنے ہی مفادات کے لیے ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ اور پیپلزپارٹی کے ٹکڑوں میں بٹے ہونے کی وجہ صرف اُن کے نظریے کی کمزوری ہے جبکہ الطاف حسین کا نظریہ بہت مضبوط ہے اس لیے عوام انہیں ابھی تک سپورٹ کرتے ہیں۔
پی کیو ایم کے چیئرمین نے کہا کہ اگست میں جلسہ عام کے اعلان سے باطل قوتیں (ایم کیو ایم پاکستان، حقیقی، پی ایس پی) بوکھلا گئی ہیں اور انہیں ابھی سے اپنا انجام نظر آنے لگا کیونکہ انہی لوگوں نے مہاجر کے نام پر ایک دوسرے کا خون بہایا اور آج متحدہ ہونے کی باتیں کر کے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔
اقبال حسین کاظمی نے مزید کہا کہ چھوٹے چھوٹے اتحاد الطاف حیسن کی مقبولیت کو کم نہیں کرسکتے اور نہ ہی اُن کے ووٹ بینک کو متاثر کرسکتے ہیں۔