Notice: Function _load_textdomain_just_in_time was called incorrectly. Translation loading for the insert-headers-and-footers domain was triggered too early. This is usually an indicator for some code in the plugin or theme running too early. Translations should be loaded at the init action or later. Please see Debugging in WordPress for more information. (This message was added in version 6.7.0.) in /home/zarayeco/public_html/wp-includes/functions.php on line 6131
احمقانہ حکومتی حرکتوں سے ملک کو نقصان ہوگا، علی زیدی | زرائع نیوز

احمقانہ حکومتی حرکتوں سے ملک کو نقصان ہوگا، علی زیدی

کراچی :پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدرو سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہاہے اطلاعات ہیں کہ ایک میٹنگ میں امپورٹڈ حکومت کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گرفتار کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ عمران خان وہ ریڈ لائن ہیں جنہیں گرفتار کرنے کی کوشش بھی کی گئی تو بہت نقصان ہوگا۔

پی ٹی آئی سندھ سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پنجاب میں 25مئی کے دن عوام کو ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے پولیس افسران کو دوبارہ عہدوں پر لا کر بٹھا دیا گیا ہے۔ جو احمقانہ حرکتیں یہ حکومت کررہی ہے اس سے انہیں بہت نقصان ہوگا۔ پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری کی گرفتاری کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ پی ٹی آئی رہنما و سابق وزیر اعلیٰ سندھ لیاقت جتوئی، پی ٹی آئی سندھ کے نائب صدر آغا ارسلان بھی موجود تھے۔ علی زیدی نے مزید کہا کہ امپورٹڈ حکومت کیا سمجھتی ہے کہ اگر عمران خان اور فواد چوہدری کو گرفتار کرنے سے ملک کی معیشت ٹھیک ہوجائے گی؟ اس وقت ملک تباہی کا شکار ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری نے عوام کا جینا محال کردیا ہے۔ حکومت اپنے بھونڈے فیصلوں کی وجہ سے ملک کو مزید تباہی کی طرف لے کر جارہی ہے۔ امپورٹڈ حکومت کو مشورہ ہے کہ ہوش کے ناخن لیں اور اپنی حرکتوں سے باز رہیں۔

علی زیدی کا مزیدکہنا تھا کہ الیکشن کمیشن بھی اس ملک میں مقدس گائے بن گیا ہے۔ ایک سوال پوچھنے پر توہین الیکشن کمیشن کا نوٹس نکال دیتے ہیں۔ جو بلدیاتی الیکشن انہوں نے سندھ میں کروایا ہے اس پر سوال اٹھانا الیکشن کمیشن کو پسندنہیں ہے۔ اس وقت ملک میں تماشا لگا ہوا ہے جہاں کرمنل کھلے عام گھوم رہے ہیں، ان پر مقدمات ختم کئے جارہے ہیں اور ہم جیسے لوگوں پر دہشت گردی کے مقدمات درج کئے جارہے ہیں۔ کل عزیر بلوچ 25ویں کیس میں بری ہوا ہے۔

ان کاکہنا تھاکہ زرداری کا بیٹا محسن نقوی پنجاب کا وزیر اعلیٰ لگ گیا ہے۔ یہ جلد عزیر بلوچ کو بھی تمام کیسز سے بری کروا کر سندھ کا وزیر اعلیٰ بنا دیں گے۔ یہ ملک کو جس نہج پر لے آئے ہیں اس سے موجودہ اور آنے والی نسلوں کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں؟وہ ملک کبھی ترقی نہیں کر سکتا جس میں طاقتور کے لئے کوئی قانون نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ محسن نقوی نے ثابت کردیا کہ وہ پی ٹی آئی کا مخالف ہے۔