کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہےکہ میئر شپ پر مفاہمت نہیں کی جائے گی، میئر ہمارا ہی ہوگا، آئندہ دنوں میں عوامی رابطہ مہم شروع کرنے جارہے ہیں، مسائل کے حل کی جدوجہد جاری رہے گی۔
ادارہ نور حق میں بیورو چیفس کے ساتھ ایک نشست میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر کراچی میں منصفانہ انتخابات ہوتے تو پیپلز پارٹی کی 70 سے بھی کم سیٹیں ہوتیں، پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت نے دھاندلی کی اور من پسند نتائج حاصل کئے، اب اپنا میئر لانے کا خواب دیکھ رہی ہے، ایسا ہوا تو منفی سیاست آگے بڑھے گی، ان قوتوں سے کہتے ہیں جو انتخابات پر اثر انداز ہوتے ہیں کہ مصنوعی میئر لانا کراچی کے مفاد میں نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کا رویہ انتہائی نقصان دہ ہے، حالیہ انتخابی پالیسی کی مرکزی مجلس عاملہ نے بھی توثیق کی، جماعت اسلامی پوری یکسوئی اور اعتماد کے ساتھ کراچی میں آگے بڑھتے ہوئے قدم مزید تیز اور جو پیشرفت حاصل کی، اسے مستحکم کرے گی۔
