کراچی: (رپورٹ حیات بلوچ) سندھ حکومت نے مواچھ گوٹھ واقعہ میں پراسرار طور پر جاں بحق افراد کے لواحقین کی مالی امداد کا اعلان کردیا۔
صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کیماڑی کے علاقے مواچھ گوٹھ پہنچے اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی۔
اس موقع پر وزیراعلی سندھ کے مشیر برائے کچی آبادی لیاقت علی آسکانی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔
صوبائی وزیر ناصر شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہاں آنے کا مقصد جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کرنا تھا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ واقعے کی اعلی سطح پر تحقیقات شروع کردی گئیں ہیں، ملوث افراد یا غفلت برتنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ سندھ حکومت جاں بحق بچوں کے لواحقین کو پانچ لاکھ اور بڑوں کے لواحقین کو دس لاکھ امداد فراہم کرے گئے ۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ذمہ داران کے تعین کے بعد ان کے خلاف سخت کاروائی کرے گے جبکہ بیمار بچوں کو بہتر علاج کی مفت سہولت کریں گے۔
دوسری جانب وزارت سندھ نے متاثرہ علاقے میں میڈیکل کیمپ نصب کردیا جبکہ وہاں پر ریسکیو 1122 کی ا یک ایمبولینس بھی فراہم کردی ہے۔
واضح رہے کہ کیماڑی کے علاقے مواچھ گوٹھ میں گزشتہ 18 روز کے دوران 16 پراسرار اموات ہوئیں ہیں، ان میں سرفراز نامی وہ شخص بھی شامل ہے جس کے گھر سے پانچ روز میں چار جنازے اٹھے۔
مرنے والوں میں بیشتر بچے ہیں اور سب کو ایک ہی طرح کی شکایت سانس لینے میں دشواری، بخار، جسم پر دانے نکل آنے کی شکایت تھی۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق مذکورہ علاقے کے لوگوں کا کورونا ٹیسٹ بھی کیا گیا ہے جو منفی آیا ہے۔ وزیر اعلی سندھ نے واقعے کا نوٹس لے کر کمیٹی تشکیل دے دی ہے جبکہ ممکنہ طور پر زہریلے اخراج والی فیکٹری کو سیل بھی کردیا گیا ہے۔
