کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر و ڈپٹی سیکریٹری جنرل خرم شیر زمان نے کہاہے کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے امپورٹڈ حکومت کو گھر بھیجنا ضروری ہے، حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں نے ان کے چہروں کو بےنقاب کردیا، مہنگائی مارچ نکالنے والوں کا بس چلے تو سانس لینے پر بھی ٹیکس لگادیں،سیاسی افراتفری کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ کریش ہونا معمول بن گیا ہے، بدترین مہنگائی سے چھٹکارا حاصل کرنے کا واحد حل الیکشن ہے۔
خرم شیرزمان نے مزید کہا کہ شریف خاندان کی زندگی، گھر، بچے، رشتےدار روزے،عیدیں،شب راتیں،تہوار،سالگراہیں، اجلاس، علاج، مشاورت، منصوبہ سازی، جائیدادیں، کاروبار، پیسہ، رہنا، سونا جاگنا، کھانا پینا سب لندن میں، مگر حکومت پاکستان میں کرتے ہیں ، شریف خاندان کے ہر عمل سے ان کے امپورٹڈ ہونے کی صدائیں آتی ہیں،آج مہنگائی پر خود سرکس کرنے والی پی ڈی ایم کے پاس سوائے توشہ خانہ پر بات کرنے کے کچھ نہیں ہے ۔
انہوں نے کہاکہ اسحاق ڈار شریف خاندان کے لیے منی لانڈرنگ کرنے میں ماہر ہیں، ایسے شخص کو ملک کی کیا فکر؟ اسحاق ڈار کو تو دوبارہ جہاز میں بٹھاکر لندن بھیج دیا جائے گا ، مگر اس قوم کی پرواہ کرنے والا یہاں کوئی نہیں جس کا جینا مرنا اپنے وطن سے ہے۔
