کراچی: قطر کے قونصل جنرل مشال الانصاری کا کہنا ہے کہ پاکستان اور قطر کے مابین مشترکہ تجارت 2.7 ارب ڈالر سے بڑھ کر 3 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے حالیہ دورہ قطر میں نے پاکستان کی معیشت کو بحران سے نکالنے کیلئے 3 ارب روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے دورے کے موقع پر کیا۔ تقریب میں کاٹی کے صدر فراز الرحمان، سینئر نائب صدر نگہت اعوان، نائب صدر مسلم محمدی، قائمہ کمیٹی کے چیئرمین راشد صدیقی، سابق صدور سلیم الزماں، دانش خان، جوہر قندھاری، فرخ مظہر، ایگزیکٹیو ڈائرئکٹر پاک قطر تکافل محمود ارشد سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
قونصل جنرل قطر نے مزید کہا کہ قطر پاکستان کے مشکل حالات میں ساتھ کھڑا ہے، جبکہ پاکستان کے بڑے تجارتی شراکت داروں میں شامل ہے۔ قطر میں 2 لاکھ 10 ہزار پاکستانی روزگار حاصل کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ قطر میں پاکستانی محنت کشوں کی تعداد مزید بڑھائی جائے۔ قونصل جنرل مشال الانصاری نے کہا کہ 2021 میں قطر نےپاکستان کو ایل پی جی گیس فراہم کی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ قطر میں دنیا کا سب سے بہترین ورلڈ کپ فٹبال کے میلے کا انعقاد کرکے ایک منفرد مقام حاصل کیا۔ انہوں نےکاٹی کی قیادت میں پاکستانی سرمایہ کاروں کے وفد کو دورہ قطر کی دعوت دی کہ وہ وہاں موجود مواقوں سے استفادہ حاصل کریں۔
اس سے قبل کاٹی کے صدر فراز الرحمان نے کہا کہ پاکستان اس وقت معاشی بحران کا سامنا کر رہا ہے ۔ تاہم قطر کی جانب سے تجارتی حجم بڑھانا خوش آئند ہے۔ فراز الرحمان نے کہا کہ پاکستان بے پناہ وسائل سے مالا مال ہے لیکن بدقسمتی سے ہم اس سے فائدہ نہیں اٹھا سکے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح پاکستانی محنت کشوں نے دبئی کا نقشہ بدل کر رکھ دیا اسی طرح اگر موقع ملے تو پاکستان قطر کیلئے بہترین افرادی قوت فراہم کر سکتا ہے۔ صدر کاٹی نے کہا کہ قطر میں پاکستان کی سمندری غذا پر پابندی ہے ، جسے ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان سے سمندری غذا قطر کوکم وقت میں بہترین معیار اور کم فریٹ میں دستیاب ہوں گی۔
اس موقع پر فی الفور صدر کاٹی فراز الرحمان اور قونصل جنرل کے مابین رواں ماہ کے اختتام پرکاٹی کا تجارتی وفد قطر لے جانےپر اتفاق ہوا۔
اس ضمن میں کاٹی کے نائب صدر مسلم محمدی کو فوکل پرسن مقرر کیا جن کی قیادت میں وفد روانہ ہوگا۔ قائمہ کمیٹی کے چیئرمین راشد صدیقی قونصل جنرل کو کامیاب ورلڈ کپ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ دوحہ کا ایئر پورٹ دنیا کا بہترین اور خوبصورت ترین ایئر پورٹ میں شامل ہے۔
انہوں کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارت کے فروغ کیلئے وفود کا تبادلہ اور سرگرمیوں میں اضافہ کرکے کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قطر میں پاکستانی سرمایہ کاروں کو کاروبار میں آسانی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔
انہوں نے تجویز دی کہ قونصلیٹ میں ایک ڈیسک قائم کی جائے جو کراچی خاص طور پر کاٹی کے سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کریں۔ اس موقع پر مسلم محمدی، دانش خان، جوہر قندھاری اور فرخ مظہر نے بھی خطاب کیا۔
