لاہور : پی ٹی آئی نے 43 سابق رکن قومی کے استعفے منظور کرنے کا اقدام عدالت میں چیلنج کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے 43 سابق ایم این ایز کے استعفوں کی منظوری کے اقدام کیخلاف درخواست دائر کر دی گئی،درخواست میں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
ریاض فتیانہ،نصر اللہ خان اور طاہر صادق سمیت دیگر نے عدالت میں درخواست دائر کی،درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ارکان اسمبلی نے استعفے منظور ہونے سے قبل ہی واپس لے لیے تھے،استعفے واپس لینے کے بعد اسپیکر کے پاس اختیار نہیں کہ وہ استعفے منظور کرے،ارکان اسمبلی کے استعفے منظور کرنا خلاف قانون اور بددیانتی پر مبنی ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ ارکان قومی اسمبلی کے استعفے عدالت عظمٰی کے طے کردہ قوانین کے برعکس منظور کئے گئے،اسپیکر قومی اسمبلی نے سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے استعفے منظور کیے،استعفے منظور کرنے سے پہلے اسپیکر نے ممبران کو بلا کر مؤقف نہیں پوچھا۔
درخواست گزار نے یہ بھی مؤقف اپنایا کہ ارکان اسمبلی کی مرضی کے بغیر استعفے منظور کرنے کااقدام غیر آئینی ہے،درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے استعفے منظور کرنے کا اقدام کالعدم قرار دیا جائے۔ یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے 43 سابق ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری دی تھی۔جن ارکان کے استعفے منظور کیے گئے ان میں ریاض خان فتیانہ،سردار طالب نکئی،محمد یعقوب،پرنس نواز،رائے مرتضٰی،شنیلہ روتھ اور غزالہ سیفی شامل تھے۔
