کراچی : کیمیکل انڈسٹری دنیا بھر میں تیزی سے ترقی کرتی ہوئی صنعت ہے ایک محتاط اندازے کے مطابق 70 ہزار سے زائد مصنوعات کی تیاری میں مختلف قسم کے کیمیکل کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اور عالمی مارکیٹ میں اس کا حجم 6 ٹریلین ڈالر کے قریب ہے۔
کیمیکل سیکٹر میں ہونے والی پیشرفت اور مواقع کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے پاکستان کیمیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن دو روزہ دوسری بین الاقوامی “پاکستان کیمیکل ایکسپو 2023” کا انعقاد کررہی ہے جس کا افتتاح7 فروری کو ایکسپو سنٹر میں ہو گا، لوکل اور بین الاقوامی کیمیکل مینوفیکچررز اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز بشمول تاجر، ٹیکنالوجی اور آلات فراہم کرنے والے ادارے، اور متعلقہ شعبے سے تعلق رکھنے والے اپنی مصنوعات اور سروسز کی نمائش کریں گے۔
پاکستان کیمیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے سینئر ممبران ہارون علی خان، خالد پرویز، خالد قاضی ، ظفر محمود، منصور جاوید سمیت دیگر عہدیداران نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کیمیکل ایکسپو کا مقصد کاروباری نیٹ ورکنگ اور تعاون کی کوششوں کو فروغ دینا ہے جو کہ نئی کاروباری پارٹنرشپس میں تبدیل ہو سکتی ہیں ، 15 سے زائد معروف بین الاقوامی مقررین اور ماہرین کیمیکل انڈسٹری کے اندر موجودہ رجحانات، حکمت عملیوں اور مواقعوں کے بارے میں آگاہ کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس شعبے میں موجود ترقی کے مواقعوں سے فائدہ اٹھا کر نہ صرف ملک کی بدحال معیشیت کو سہارا دیا جا سکتا ہے بلکہ کیمیکل کی درآمدات میں کمی لا کر غیرملکی ادائیگیوں کے عدم توازن کو بھی بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ لیکن اس کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مربوط کیمیکل پالیسی تشکیل دینے کی اشد ضرورت ہے۔
