کراچی : سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے چیئرمین سید جلال محمود شاہ اور صدر سید زین شاہ نے گزشتہ رات لاپتہ ہوئے ایس یو پی سکھر کے ڈویژنل انفارمیشن سیکریٹری حسیب جونیجو کی بدترین تشدد زدہ لاش ملنے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حسیب جونیجو کی گمشدگی اوراب ان کی لاش ملنا بہت سے سوالات کو جنم دیتا ہے۔
انہوں نے شدید غم اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔ کراچی سے جاری اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم عدم تشدد کے پیروکار ہیں، کسی بھی صورت صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ کھلی دہشت گردی ہے,حسیب جونیجو ہمارا پرامن اور متحرک کارکن تھا۔ انہوں نے کہا کہ معصوم انسانوں کا خون بہانے والےنا قابل معافی ہیں۔ یہ پہلی بار نہیں ہوا کہ کسی شہری کے لاپتا ہونے کے بعد اس کی لاش ملی ہو، ایس یو پی نا صرف اس اقدام کی بھرپور مذمت کرتی ہے بلکہ مطالبہ کرتی ہے کہ حسیب جونیجو کے اغوا کی عدالتی تحقیقات کی جائے اور اس دلخراش واقعے میں ملوث کرداروں اور عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
