سندھ اسمبلی: وزراء اور ارکان کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کا بل منظور

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ اسمبلی کے ایوان میں شہریوں کیلئے کوئی بل منظور ہو یا نہ ہو، اہل ایوان کیلئے ضرور ہوتا ہے۔ آج بھی ایوان میں حکومت اور اپوزیشن سب یک زباں نظر آئے مگر بل تھا ارکان اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کا جو کہ حسب روایت و حسب توقع متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ نہ شور شرابہ ہوا نہ ہی ہلڑ بازی۔

وزیر اعلیٰ ہوں، سپیکر، ڈپٹی سپیکر ہوں، معاونین ہوں یا اراکین، سب کی مراعات ڈبل ہوں گی۔ رکن اسمبلی کی تنخواہ چوبیس ہزار سے پچاس ہزار ہو گی۔ ساتھ ہی 10 ہزار کا فون کا الاؤنس، 15 ہزار منٹیننس الاؤننس، 45 ہزار گھر کا الاؤنس، پندرہ ہزار یوٹیلیٹی بلز کی مد میں ملیں گے۔

دوسرے شہر سے آنے والوں کو 5 ہزار رہائش الاؤنس اور 2 لاکھ روپے سالانہ بھی دیئے جائیں گے، اور تو اور اپوزیشن لیڈر کو بھی وزیر کا درجہ دے دیا گیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ کی تنخواہ 75 ہزار سے بڑھ کر ڈیڑھ لاکھ ہو جائے گی۔ سپیکر کی تنخواہ 70 ہزار سے ڈیڑھ لاکھ جبکہ ڈپٹی سپیکر کی 60 ہزار سے ایک لاکھ چالیس ہزار روپے ہو جائے گی۔ وزراء کو 75 ہزار تنخواہ، یوٹیلیٹی بلز، میڈیکل، پانچ سو لٹر پٹرول، سرکاری گاڑی، ڈرائیور اور منٹیننس الاؤنس اور پچاس ہزار ایکوپمنٹ الاؤنس ملے گا۔

وزراء کو پچپن ہزار روپے رہائش الاؤنس کے ساتھ پچاس ہزار ماہانہ مرمت الاؤنس بھی دیئے جائیں گے۔ اسمبلی کا اجلاس غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا گیا ہے۔

– See more at: http://urdu.dunyanews.tv/index.php/ur/Pakistan/388923#sthash.XIqGLYYG.dpuf

اپنا تبصرہ بھیجیں: