لاہور: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بدھ سے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
کارکنوں سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہ ہمیں جیل سے ڈرارہے ہیں ہم جیلیں بھر دیں گے، ان کے پاس جگہ نہیں بچے گی، تحریک کا آغاز لاہور سے کیا جائے گا، جس کے بعد اس کا دائرہ کار پورے ملک میں بڑھایا جائے گا۔
عمران خان نے کہا کہ ہم انتظار کر رہے ہیں کہ الیکشن کا شیڈول کب آئے گا، 90 دن کے بعد ایک دن بھی نگراں حکومت غیر آئینی ہوگی، اس سے زیادہ خطرناک بات نہیں ہو سکتی کہ عدلیہ آئین پر عمل نہ کراسکے۔ خطرناک بات ہے کہ چیف الیکشن کمشنر الیکشن کی تاریخ نہیں دے رہا، 90 دن سے زیادہ الیکشن آگے جاتے ہیں تو اس سے بڑی آئین کی خلاف ورزی نہیں ہو سکتی، پہلے ان کی کوشش ہے کہ الیکشن ہوں ہی نہیں اور اگر ہو تو یہ بالکل آخر میں جا کر تاریخ کا اعلان کریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ حکومت عدلیہ پر دباو ڈال کر الیکشن آگے لے جانا چاہتی ہے، ملک برباد ہو رہا ہے، ہم کھڑے ہوکر تماشا نہیں دیکھ سکتے ہیں، میں پاگل تو نہیں تھا اپنی دو حکومتیں ختم کیں، ہم بار بار کہتے رہے کہ اس حکومت کے پاس مینڈیٹ نہیں یہ ملک نہیں چلا سکتی۔پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ یہ کہتے ہیں ہم نے مشکل فیصلے کیے کیا مشکل فیصلے کیے؟ کیا قیمتیں بڑھانا مشکل فیصلے ہیں؟ آئی ایم ایف نے ہمیں بھی کہا تھا قیمتیں بڑھاؤ، انھوں نے ساری چیزیں مہنگی کرکے عوام کی کمر توڑ دی، یہ الیکشن کرانے سے ڈرتے ہیں، کیا ان کا یہ خیال ہے جو انھوں نے کراچی میں کیا تھا، یہ چاہتے ہیں کہ ٹرن آؤٹ کم ہو اور دھاندلی کرکے الیکشن جیت سکتے ہیں، ان کی کوشش ہے کہ الیکشن اگر ہو تو ہمیں الیکشن مہم کیلئے کم وقت ملے، ان کا اگر یہ خیال ہے کہ چپ کرکے ان کو الیکشن چوری کرنے دیں تو ایسا نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اعظم سواتی پر تشدد ، شیخ رشید کی گرفتاری یہ سب منہ بند کرانے کی کوشش ہے۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ وزیرآباد واقعے سے پہلےہمیں اندر سے خبریں آرہی تھیں کہ یہ ہونے والا ہے، جے آئی ٹی میں ڈی پی او گجرات پیش ہونے کو تیار نہیں ہوا، ہماری حکومت کا یہ حال تھا کہ پارٹی سربراہ کو انصاف نہ دے سکے، نگراں حکومت کا کام صرف الیکشن کرانا ہے، انھوں نے جے آئی ٹی کا سارا ریکارڈ غائب کردیا، ساری کڑیاں ان کی طرف جا رہی تھیں ان کو خدشہ تھا کہ پکڑے جائیں گے۔ عدالت کے فیصلوں پر عمل نہیں ہوگا تو کون سرمایہ کاری کرنے آئے گا۔
لاہور زمان پارک میں عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں فوکل پرسن جیل بھرو تحریک اعجاز چو ہدری نے اب تک کی پیش رفت بارے شرکا کو بریفنگ دی۔ بتایا کہ پہلے مرحلے میں ابتدائی لسٹیں تیار ہوگئیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلوں کے باوجود الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہ کرکے آئین شکنی کی جارہی ہے۔ موجودہ ملکی مسائل کا واحد حل عام انتخابات ہے ۔
