Notice: Function _load_textdomain_just_in_time was called incorrectly. Translation loading for the insert-headers-and-footers domain was triggered too early. This is usually an indicator for some code in the plugin or theme running too early. Translations should be loaded at the init action or later. Please see Debugging in WordPress for more information. (This message was added in version 6.7.0.) in /home/zarayeco/public_html/wp-includes/functions.php on line 6131
پاکستان دیوالیہ ہوچکا: خواجہ آصف | زرائع نیوز

پاکستان دیوالیہ ہوچکا: خواجہ آصف

سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ ہو نہیں رہا، ہوچکا ہے، ہم ایک دیوالیہ ملک کے رہنے والے ہیں، تمام مسائل کا حل آئی ایم ایف کے پاس نہیں، ہمیں اپنے پیروں پر کھڑا ہونا ہوگا، پاکستان میں آئین و قانون کمپرومائز ہوتا ہے، سیاستدانوں کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے،عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جارہا ہے، عوام بجلی کا بل ،بچوں کی فیس نہیں دے سکتے، ہم سب کو خوداحتسابی کی ضرورت ہے۔

نجی کالج میں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ جو ہمارے ملک کے حالات ہیں، ہم ایک دیوالیہ ملک کے رہنے والے ہیں، آپ نے سنا ہوگا ڈیفالٹ ہورہا ہے یا دیوالیہ ہورہا ہے، وہ ہوچکا ہے، تمام مسائل کا حل ملک میں ہے، آئی ایم ایف کے پاس نہیں۔وزیر دفاع نے مزید کہا کہ میں نے زیادہ وقت اپوزیشن میں گزارا اور گزشتہ 32سالوں میں سیاست کو رسوا ہوتے دیکھا۔انہوں نے کہا اپنے صحن میں دہشتگردی ہم خود لے کر آئے ، دو سال پہلے انہیں دوبارہ پاکستان کی سرزمین پر لاکر بسایا گیا کہ یہ امن پسند لوگ ہیں، پاکستان کے قانون اور آئین کے مطابق زندگی گزریں گے۔

خواجہ آصف نے کہا ڈیڑھ سال قبل دہشت گردوں کو اپنی سر زمین پر لا کر بسایا گیا، ایسے کھیل کھیلے گئے کہ دہشت گردی مقدر بن گئی جس نے آواز اٹھائی اس کو ملک بدر کر دیا گیا اور جو باتیں پروگرامز میں کی جاتی ہیں، ان کا حقیقت کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔وزیر دفاع نے مزید کہا کراچی پولیس آفس حملے میں سکیورٹی اداروں نے بہادری سے دہشت گردوں کا سامنا کیا، سکیورٹی اہلکار رات بھر دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے رہے۔خواجہ محمد آصف نے کہا ہمیں اﷲ اور اسکے رسول صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم سے اپنی محبت کا عملی ثبوت پیش کرنا چاہئے جسکے لئے ہمیں اﷲ تعالیٰ کے احکامات پر عمل کرنا اور آقا ئے دوجہاں حضور نبی کریم صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کی سنت پر عمل کرنا ہو گا ، اﷲ تعالیٰ اور اس کے حبیب صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کے احکامات نہ ماننے کی وجہ سے آج امت مسلمہ کا اتنا برا حال ہے ، ہم سب کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے۔

انہوں نے کہا ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں86 ہزار شہداء کی قربانیاں دی ہیں، پشاور اور کراچی میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات لمحہ فکریہ ہیں۔ رکن صوبائی اسمبلی ارشد جاوید وڑائچ، سٹی صدر مسلم لیگ (ن) محمد رفیق،سابق اے ڈی او کالجز محمد ارشد بٹ، نجم الحسن، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ مقصود احمد بھٹی، جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ احسن اسماعیل و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیر دفاع نے کامیابی حاصل کرنے والے لا گریجویٹس میں شیلڈز تقسیم کیں۔