کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کی درخواست ضمانت منظور کرلی، جج نے ریمارکس دیے کہ مفتاح اسماعیل صاحب شریف آدمی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے مفتاح اسماعیل کو ایل این جی اسکینڈل سمیت دیگر تحقیقات میں طلبی کا نوٹس موصول ہوا جس پر انہوں نے سندھ ہائی کورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی۔
سندھ ہائی کورٹ میں سابق وزیرخزانہ کی درخواست پر سماعت ہوئی جس میں مفتاح اسماعیل کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ میرے موکل کو دو ہفتوں کی حفاظتی ضمانت دی جائے کیونکہ ہمیں اپنا کام مکمل کر کے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرنا ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ چودہ روز کی نہیں البتہ دس روز کی ضمانت دی جاسکتی ہے، جس پر متاح اسماعیل کے وکیل نے عدالت کو یقین دہانی کروائی کہ میرے موکل نیب کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے، ہمیں خدشہ ہے کہ ایل این جی اسکینڈل میں کہیں گرفتاری نہ ہوجائے لہذا ضمانت منظور کی جائے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ مفتاح اسماعیل شریف آدمی ہیں لہذا دو لاکھ روپے کے عوض اُن کی حفاظتی ضمانت منظور کی جاتی ہے۔
سابق وزیر خزانہ نے سندھ ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ نیب کی جانب سے بے بنیاد الزامات لگا کر پھنسایا جارہا ہے، نام ای سی ایل اور تین روز قبل ٹاپ لسٹ میں ڈال دیا گیا۔
