اسلام آباد: مسلم لیگ (ن)کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے جب ملک نااہلوں کے پاس ہوتا ہے تو نواز شریف کو آواز لگاتے ہیں، جب ملک ٹھیک ہو جاتا ہے تو پھر نکال دیتے ہیں۔
پارٹی کے تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا سب کو نوازشریف کا سلام، صرف کارکنوں سے ملنے آئی ہوں، لندن میں نواز شریف نے کہا تنظیمی کنونشن کرو، مخالفین کو لگا مہنگائی ہے رسپانس نہیں ملے گا، وہ دوربین لگا کر بیٹھے ہیں، عوام بیوقوف نہیں سب پتہ ہے مہنگائی کو لانے والا کون ہے، گھڑی چور کو چھوڑیں گے نہیں ، گزشتہ حکومت میں نیب کے انتقام کو بھگتا، موازنہ ہو گا تو شہباز شریف کے 10اور عمران خان کے خیبرپختونخوا کے 10سال سے ہو گا، جب معیشت ہچکولے کھاتی ہے تو نواز شریف کو ٹھیک کرنے کیلئے لاتے ہیں، اسحاق ڈار آئی ایم ایف سے معاہدہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ نواز شریف نے آئی ایم ایف معاہدہ پورا کیا تھا لیکن آٹے، چینی کی قیمت نہیں بڑھنے دی، یہ وہی بے حس حکمران تھا جو کہتا تھا پیاز کی قیمتیں کم کرنے نہیں آیا، بنی گالہ، زمان پارک کا کچن کوئی اور چلاتا ہے، عوام اپنے کچن کوخون پسینے کی کمائی سے چلاتے ہیں، اس مجرم کو عوام کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے، خدا کو گواہ بنا کر کہتی ہوں شہبازشریف، اسحاق ڈار صبح فجر کے بعد کام شروع کرتے ہیں، جو یہ گند مچا کر گیا جلد ٹھیک نہیں ہو گا، یہ اگلے 5سال پر نظر رکھ کر بیٹھا ہے۔
ان کا کہناتھاکہ اس نے گزشتہ 4سال میں ملک کا بیڑہ غرق کر دیا، اس کو اگر اگلے 5سال مل جاتے تو ملک کا کیا حال ہوتا؟ ایوان صدر کی ملاقات کو مان گیاہے، رات کو چھپ چھپ کر ملتا ہے، اسٹیبلشمنٹ کو کہہ رہا ہے تالی ایک ہاتھ سے نہیں بجتی، اس کا رونا دھونا جاری ہے اس کو تالی بجانے کیلئے دوسرا ہاتھ نہیں مل رہا، اب یہ تالی نہیں بجے گی، کہتا ہے مسلم لیگ ن الیکشن سے ڈر رہی ہے،سلیکشن والے الیکشن سے ڈرتے ہیں۔
مریم نے مزید کہاکہ سن لو 2018 کی تمہاری سلیکشن کمیٹی ٹوٹ گئی، سلیکٹرز گھر چلے گئے اب تمہیں فکر ہونی چاہیے، پرسوں سن رہی تھی کہہ رہے تھے عمران کا گھر جانا ضروری تھا، اب آپکی کہانی ختم،سلیکشن کمیٹی اور بابا رحمتے ختم، وہ قوم کیلئے بابا زحمت بن گیا، بابا رحمتے نے اس کو سرٹیفکیٹ دیئے تھے، تحفے بیچ کر کھا گیا، جتنے مرضی پلاسٹر چڑھا، گھڑی چوری، اولاد کا بھی حساب دینا پڑے گا۔
