صدر کا خط ،الیکشن کمیشن کامندرجات پر اظہارتحفظات

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے صدر مملکت عارف علوی کے خط کا جواب دے دیا ہے جس میں خط کے مندر جات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق صدر مملکت کے خط کے جواب پر الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا جس میں خط کے نکات پر غور کر کے جواب تیار کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے صدر مملکت کی طرف سے لکھے گئے خط میں استعمال کیے گئے الفاظ پرشدیدافسوس کا اظہاراور تحفظات کرتے ہوئے جوابی خط میں کہا ہے کہ صدر کی جانب سے الیکشن کمیشن کے بارے میں بے حسی کے الفاظ لکھنا مناسب نہیں۔ مزید کہا گیا ہے کہ صدر مملکت کی جانب سے ایسے الفاظ لکھنے پر افسوس اور مایوسی ہوئی ۔ذرائع کے مطاق جوابی خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن ایک آزاد اور خودمختار ادارہ ہے جو آئین و قانون اور عدلیہ کے فیصلوں کا احترام اور من و عن عمل کرتا ہے۔

الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمے داریاں احسن طریقے سے سر انجام دے رہا ہے۔ دریں اثنا ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نےصدر مملکت کی دعوت پر پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کے عام انتخابات کے بارے طلب کردہ مجوزہ اجلاس میں شرکت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن ممبرز اور اعلیٰ حکام ایوان صدر میں اجلاس میں شرکت کرینگے۔

ایوان صدر میں اجلاس پیر دن گیارہ بجے طلب کیا گیا ہے جس میں الیکشن ایکٹ کے سیکشن57 ون کے تحت دونوں صوبوں میں انتخابی تاریخ پر مشاورت ہوگی۔