اسلام آباد: متحدہ عرب امارات، ابوظہبی میں پانچ روزہ بین الاقوامی دفاعی اور بحری نمائش’’آئیڈیکس اور نیوڈیکس 2023ء‘‘ کا آغاز ہو گیا، پاکستان نے جدید ترین بغیر پائلٹ مسلح ڈرون’’شہپر دوئم بلاک دوئم‘‘ اور ’’ابابیل‘‘، کروز میزائل تیمور اور ’’حربہ این جی‘‘، ملٹی لانچ راکٹ نظام’’فتح ون‘‘ جدید ترین بیٹل اور اسالٹ رائفلز، اسلحہ، گولہ بارود، دیگر خودکار ہتھیار نمائش کیلئے پیش کیے ہیں جبکہ بحری نمائش’’نیوڈیکس‘‘ میں شرکت کیلئے پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس یرموک بھی ابوظہبی میں لنگر انداز ہو چکا ہے۔
موصول شدہ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں اماراتی صدر محمد بن زید النہیان کی سرپرستی میں بین الاقوامی دفاعی اور بحری نمائش ’’آئیڈیکس اور نیوڈیکس 2023ء‘‘ کا آغاز ہوا۔قومی نمائش مرکز ابوظہبی میں’’آئیڈیکس اور نیوڈیکس 2023ء‘‘ 20 سے 24 فروری تک پانچ روز جاری رہے گی۔
پاکستان کی دفاعی پیداواری صنعت بھرپور انداز میں ابوظہبی دفاعی و بحری نمائش میں شریک ہے۔ ابوظہبی دفاعی نمائش آئیڈیکس میں پہلی مرتبہ پاکستان کا تیار کردہ’’شہپر دوئم بلاک دوئم‘‘شامل ہے، شہپر دوئم بلاک دوئم مقامی سطح پر تیار کردہ جدید ترین بغیر پائلٹ مسلح ڈرون طیارہ ہے جو 20 گھنٹے تک، 23 ہزار فٹ بلندی پر پرواز، 21 ہزار فٹ سے زمینی اہداف کو نشانہ بنانے کی بھرپور صلاحیت کا حامل ہے۔ نمائش میں فضاء سے زمین پر مار کرنے والا کروز میزائل تیمور بھی کلیدی اہمیت کا حامل اور مرکز نگاہ ہے۔
کروز میزائل تیمور 25 ہزار فٹ سے لانچ، 290 کلومیٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔بحری اور زمینی اہداف کو یکساں نشانہ بنانے والا کروز میزائل’’حربہ این جی‘‘سب سانک کروز میزائل بھی نمائش کیلئے پیش کیا گیا ہے جو 290 کلومیٹر تک ہر قسم کے بحری اثاثوں اور زَمینی اہداف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان کا تیار کردہ ملٹی لانچ راکٹ نظام’’فتح ون‘‘ بھی دفاعی نمائش آئیڈیکس میں رکھا گیا ہے، جو 140 کلومیٹر تک روایتی راکٹس فائر کرنے کی صلاحیت کا حامل ہے۔ پاکستان آرڈننس فیکٹری، واہ انڈسٹریز لمیٹڈ دفاعی نمائش کا کلیدی حصہ ہیں اور مقامی سطح پر تیار کردہ جدید ترین بیٹل رائفل، اسالٹ رائفل، اسلحہ، گولہ بارود، دیگر خودکار ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ ابابیل ڈرون بھی نمائش کیلئے پیش کیے گئے ہیں۔
متحدہ عرب امارات، ابوظہبی میں دفاعی نمائش آئیڈیکس کے ساتھ بحری نمائش ’’نیوڈیکس‘‘ بھی جاری ہے جس میں شرکت کیلئے پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس یرموک بھی ابوظہبی پہنچ چکا ہے۔
متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمزی، اماراتی فوجی حکام نے پاکستان نیوی کے جہاز کا ابوظہبی میں استقبال کیا۔اس موقع پر پاکستانی سفیر اور اماراتی فوجی حکام نے پی این ایس یرموک کا دورہ بھی کیا، جہاز کے کپتان اور عملے نے انہیں خوش آمدید کہا۔ پی این ایس یرموک پاک بحریہ کا سمندر میں گشت، دفاعی اور انسداد جرائم کیلئے جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس جنگی بحری جہاز ہے۔
