کراچی(کرائم رپورٹر)سچل پولیس کی سنگین غفلت کے باعث حوالات سے انتہائی مطلوب ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس آفس پر ناقص سیکورٹی انتظامات کے باعث حملہ آوروں کے داخلے کے بعد سچل تھانے میں بھی پولیس کی سنگین غفلت کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق سچل تھانے کے حوالات سے انتہائی مطلوب ترین ملزم فرار ہو گیا ہے۔
مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم بریگیڈ تھانے کی حدود میں پولیس اہلکار کی شہادت میں ملوث تھا جس کو حساس اداروں نے گرفتار کر کے سچل تھانے میں تفتیش کے لئے منتقل کیا تھا تاہم متعلقہ پولیس کی غفلت کے باعث ’سکندر‘ نامی ملزم اتوار کے روز فرار ہو گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ملزم کے فرار ہونے کے واقع کو 2 روز گزر جانے کے باوجود پولیس سربراہان غفلت کے مرتکب تھانیدار کے خلاف محکمانہ کارروائی سے گریزاں ہیں۔
