اسلام آباد:آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے کہاہے کہ ہم نے ہڑتال کی کال نہیں دی ہے،تحریک لبیک کے ذمہ داروں نے از خود ہی ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے،تاجر برادری نے آج تک کسی بھی سیاسی جماعت کی کال پر ہڑتال نہیں کی۔
اجمل بلوچ نے کہاکہ سیاسی جماعتیں ہمیشہ مہنگائی مارچ لانگ مارچ اور دھرنوں کا اعلان کرتی ہیں، تحریک لبیک کے ذمہ داران اپنے اعلان پر نظر ثانی کریں، اس میں کوئی شک نہیں کہ حکومت نے عوام پر انتہا کا ظلم ڈھا رکھا ہے ،پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں بجلی اور گیس کے بلوں نے عوام کا بھرکس نکال دیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ نااہل حکومت نے عوام پر مہنگائی کا نہ برداشت ہونے والا بوجھ ڈال رکھا ہے، ملک اس وقت سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے دلدل میں پھنستا جا رہا ہے،خدارا ملک کو سیاسی بحران سے نکالاجائے،جس دن ملک سیاسی بحران سے نکل آیا معاشی بحران ختم ہو جائے گا۔
ان کاکہناتھاکہ جب تک عوام سڑکوں پر نہیں نکلیں گے بات نہیں بنے گی،عوام اس مہنگی حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلیں ان شاءاللہ تاجر دو قدم آگے ہونگے۔
