کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے برنس روڈ فورڈ اسٹریٹ سے متعلق تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ تحریری حکم نامے کے مطابق عدالت نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دونوں نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیدیے۔
عدالت نے 3 روز میں برنس روڈ کی سٹرکیں بحال کرنے کا حکم دیدیا۔ تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ برنس روڈ اور اطراف کی سٹرکوں کو اصل حالت میں بحال کریں۔ تمام تر کرسیاں، میزیں اور تجاوزات ہٹائی جائیں۔ عدالت نے برنس روڈ کو عام ٹریفک کے لیے مکمل بحال کرنے کا حکم دیا ہے۔
تحریری حکم نامے کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو 7 روز میں عمل درآمد رپورٹ پیش کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا کہ ڈپٹی کمشنر جنوبی سٹرک کو بند کرنے کی کوئی وضاحت نہ دے سکے۔ متعلقہ اتھارٹی کے بغیر نوٹیفکیشن کا اجرا غیر قانونی ہے۔
