دنیا کے سب سے مہنگے فٹبالر پال پوگبا مکہ میں

دنیا کے سب سے مہنگے فٹبالر پال پوگبا ان دونوں مسلمانوں کے سب سے مقدس شہر مکہ میں ہیں جہاں وہ اسلامی مہینے رمضان کے دوران عمرے کے ادائیگی کے لیے گئے ہیں۔

فرانس سے تعلق رکھنے والے فٹبالر نے اتوار کو خانہ کعبہ کے قریب سے اپنی ایک تصویر شائع کی اور لکھا ’سب سے خوبصورت چیز جو میں نے اپنی زندگی میں دیکھی۔‘

اس کے علاوہ انھوں نے ایک ٹویٹ بھی کی جس میں انھوں نے سب کو ’ماہ رمضان کی مبارکباد دی۔‘

خیال رہے کہ 24 سالہ فٹبالر گذشتہ سال اس وقت دنیا کے سب سے مہنگے کھلاڑی بنے تھے جب انگلش فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ نے آٹھ کروڑ 90 لاکھ پاؤنڈ کی ریکارڈ قیمت کے عوض اطالوی کلب یووینٹس سے ان کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

پال پوگبا نے بدھ کو ہونے والے یورپا لیگ کپ کے فائنل میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے شرکت کی تھی۔

سیزن کے اختتام پر پال پوگبا نے ایک سوٹ کیس کے ہمراہ اپنی ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’وہ عبادت کی غرض سے سفر کر رہے ہیں، اور اس دوران وہ عمرہ کی ادائیگی کریں گے۔‘

اطلاعات کے مطابق اس سے قبل بھی پوگبا نے ایک مرتبہ مکہ کا سفر کیا تھا جب وہ حج کی ادائیگی کے لیے گئے تھے۔

بشکریہ ہم سب

اپنا تبصرہ بھیجیں: