Notice: Function _load_textdomain_just_in_time was called incorrectly. Translation loading for the insert-headers-and-footers domain was triggered too early. This is usually an indicator for some code in the plugin or theme running too early. Translations should be loaded at the init action or later. Please see Debugging in WordPress for more information. (This message was added in version 6.7.0.) in /home/zarayeco/public_html/wp-includes/functions.php on line 6131
پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم آئی ایم ایف کے سہولت کارہیں،سراج الحق | زرائع نیوز

پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم آئی ایم ایف کے سہولت کارہیں،سراج الحق

کراچی: امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی،آئی ایم ایف کےسہولت کارہیں،وزیر اعلیٰ اپنی خوش فہمی دور کر لیں کراچی کا میئر جماعت اسلامی کا ہی بنے گا۔ 358 وارڈز میں جماعت اسلامی نے جیت حاصل کی ہے اس کے باوجود بھی پیپلز پارٹی بضد ہے کہ میئر جیالا ہوگا،پیپلز پارٹی اپنی شکست قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہے،الیکشن سےقبل فوری اصلاحات کی جائیں،قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی وقت میں کروائے جائیں، پیپلز پارٹی نے 1970 میں نتائج تسلیم نہیں کئے جس کی وجہ سے مشرقی پاکستان ہم سے الگ ہوا۔

انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی اگر کراچی کے عوام کے فیصلہ کی نفی کرے گی تو صوبے کے سب سے بڑے شہر کراچی کے ساتھ زیادتی کرے گی،کراچی کے بلدیاتی انتخابات کو دو ماہ گزر گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن بتائے کہ ملتوی شدہ 11 نشستوں کے انتخابات کیوں نہیں کروائے جا رہے۔ منگل کواسلام آباد میں کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سماعت ہے۔ الیکشن کمیشن کسی کے بھی دباؤ میں آنے کے بجائے حقائق اور انصاف کی بنیاد پر فیصلہ کرے۔ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ گزشتہ سال جون میں مکمل ہوا تھا لیکن ان علاقوں کے منتخب عوامی نمائندے بھی تاحال اپنے اختیارات سے محروم ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو کراچی آمد کے موقع پرادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ اس موقع پر قائم مقام امیر صوبہ سندھ پروفیسر نظام الدین میمن،امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن، نائب امراء ڈاکٹر اسامہ رضی، راجا عارف سلطان، ڈپٹی سیکریٹری عبد الرزاق، امیر ضلع جنوبی ورکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید، صوبائی سکریٹری اطلاعات مجاہد چنا، سیکریٹری اطلاعات کراچی زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے۔

ان کاکہناتھاکہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی سمیت پورے حکمران ٹولے کے حوالے سے خبریں آئی ہیں کہ انہوں نے قومی خزانے اور قومی توشہ خانے کو لوٹا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ان سے ایک ایک پائی وصول کی جائے۔ توشہ خانے کی رپورٹ کے بعد پاکستانی قوم کی آنکھیں کھل گئیں اور ثابت ہوگیا کہ حکمران ٹولہ بین الاقوامی چور اور ڈاکو ہے۔

انہوں نے کہاکہ اندرون سندھ اور جنوبی پنجاب کے متاثرین کے لیے حکومت کی جانب سے صرف اعلانات کیے گئے۔ چیف جسٹس آف پاکستان سیلاب زدگان کے لیے بیرون ملک فنڈز کے حساب کے لیے سوموٹو ایکشن لیں۔ بلوچستان میں جماعت اسلامی کے ہدایت الرحمن عوامی مسائل کے حل کے لیے کھڑے ہوئے ہیں لیکن ان کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ہدایت الرحمن و دیگر رہنماؤں کو رہا اور بلوچستان کے عوام کے مسائل حل کیے جائیں، بجلی کی قیمتوں میں 14 اشاریہ 7 کا اضافہ عوام پر ایک ظلم ہے۔ نیب کے نام سے ادارہ تو موجود ہے لیکن ادارے کے لوگوں کو صرف تنخواہیں پہنچائی جاتی ہیں یہ ادارہ بھی عملاً ناکارہ ہوچکاہے۔