کراچی:متحدہ عرب امارات کی حکومت نے پاکستان کے مزید 2 شہروں پر وزٹ ویزے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
یو اے ای حکومت نے پہلے پاکستان کے 12 شہروں پر وزٹ ویزے پر پابندی عائد کی تھی، پھر یہ تعداد بڑھ کر 22 ہو گئی تھی، اب یو اے ای حکومت نے پاکستان کے مجموعی طور پر 24 شہروں پر وزٹ ویزے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ان شہروں میں ایبٹ آباد، ڈیرہ غازی خان، کوئٹہ، خوشاب، مظفر گڑھ، سرگودھا، اٹک، ڈیرہ اسماعیل خان، قصور، کرم ایجنسی، نواب شاہ، شیخوپورہ، باجوڑ ایجنسی، ہنگو، کوہاٹ، لاڑکانہ، پارا چنار، اسکردو، چکوال، ہنزہ، کوٹلی، مہمند ایجنسی،ساہیوال اور سکھر شامل ہیں۔اس پابندی کی بنیادی وجہ غیر لائسنس یافتہ ایجنٹ مافیا کی جانب سے غلط بیانی کر کے لوگوں کو وزٹ ویزے پر یو اے ای بھیجنا ہے۔
پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کے عدنان پراچہ کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ پاکستان بلاول بھٹو زرداری سے اپیل ہے کہ وہ پاکستانی شہروں پر وزٹ ویزے کی پابندی کا معاملہ یو اے ای حکومت کے سامنے اٹھائیں، کیوں کہ اس پابندی سے نہ صرف کاروباری طبقہ متاثر ہو رہا ہے بلکہ فیملیز بھی دورے پرنہیں جا پا رہی ہیں۔
اب پاکستان کے 24 شہروں سے تعلق رکھنے والے افراد وزٹ ویزے پر یو اے ای نہیں جا سکتے، ان شہروں کے بزنس مین بھی وزٹ ویزے پر نہیں جا سکتے۔
