کراچی : سینئر میڈیکل آفیسر عبدالعزیز سودھر کی خودکشی کی کوشش، محکمہ صحت سندھ کا بیان سامنے آگیا۔
ڈاکٹر عزیز لیبر اسکوائر میں بطور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ خدمات انجام دے رہے تھے ، اپنے آبائی گاؤں سیلابی صورتحال کے پیش نظر انہوں نے 4 ماہ کی رخصت لی تھی،اکتوبر 2022 میں ان کی چھٹی منظور ہوئی اور جنوری 2023 میں محکمہ صحت کو دوبارہ رپورٹ کیا۔
انہوں نے چانڈکا اسپتال لاڑکانو میں تعینات کرنے کی درخواست کی ،اس کی درخواست پر حکمنامہ آنے سے پہلے 14 مارچ کو انہوں نے خودکشی کی کوشش کی ، محکمہ صحت نے معاملے کی فوری انکوائری کا حکم دے دیا ہے، ڈاکٹر عزیز سودھر کی طرف سے لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کے لیے سپیشل سیکرٹری ہیلتھ کی طرف سے انکوائری کی جارہی ہے،محکمہ صحت ان تمام لوگوں کے خلاف ایکشن لے گا جو کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث پائے جائیں گے،اس دوران سیکشن آفیسر الطاف آغا کو سرینڈر کیا گیا ہے، اوجھا ہسپتال کے ایڈمنسٹریٹر کو تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، ڈاکٹر سودھر کو ممکنہ طبی امداد فراہم کررہے ہیں تاکہ وہ صحت یاب ہو سکیں۔
محکمہ صحت علاج کے تمام اخراجات برداشت کرے گا،محکمہ صحت سندھ کے مطابق ڈاکٹر عزیز سودھر کی خودکشی کی کوشش کے واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
وزیر صحت سندھ کی ہدایت پر ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر جمن باہوتو نے میڈیکل آئی سی یو اوجھا کیمپس میں داخل ڈاکٹر عزیز سودھر کی عیادت کی، انتہائی نگہداشت کی ٹیم کے ساتھ تبادلہ خیال بھی کیا۔
اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ ڈاکٹر عزیز کی حالت خطرے سے باہر ہے ، اے بی جیز اور ایکس رے کے نتائج نارمل ہیں، آج شام ان کو آئی سی یو سے وارڈ میں منتقل کیا جائے گا، ممکنہ طور پر دو دن کے اندر گھر جانے کی اجازت دی جائے گی۔
