سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدر آباد میں بانی ایم کیو ایم کے حق میں ریلی نکالنے کی کوشش میں رینجرز نے دو افراد کو گرفتار کرلیا۔
ایم کیو ایم لندن کے کارکنان ریلی کی صورت میں حیدرآباد پریس کلب کی جانب جارہے تھے کہ اسی دوران خفیہ اطلاع پر صدر کے مقام پر رینجرز کی نفری پہنچ گئی۔
رینجرز کو دیکھ کر ریلی میں شریک نوجوان بھاگے تو اہلکاروں نے بھاگ کر دو افراد کو گرفتار کیا۔ ذرائع کے مطابق دونوں کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے اور انہوں نے گزشتہ دنوں بھی احتجاج کیا تھا۔
دوسری جانب یہ اطلاعات بھی سامنے آئیں ہیں کہ کراچی میں شارع فیصل پر ایم کیو ایم لندن کے چند کارکنان نے ریلی نکالی ہے۔
واضح رہے کہ 18 مارچ کو ایم کیو ایم کا 39واں یوم تاسیس منایا گیا ہے، اس حوالے سے دونوں گروپوں نے علیحدہ علیحدہ تقریبات کا اپنے طور پر انعقاد کیا۔ پابندی کی وجہ سے ایم کیو ایم لندن کے کارکنان نے عوامی سطح پر کیک کاٹنے کی کوئی تقریب منعقد نہیں کی۔
