اسلام آباد :توشہ خانہ کیس کی جوڈیشل کمپلیکس میں سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا گیا۔ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے 3 صفحات کا حکم نامہ جاری کیا ہے۔
18 مارچ کی 3 دفعہ کی سماعتوں کا الگ الگ حکم نامہ جاری کیا گیا۔ایس پی سمیع ملک، عمران خان کے وکلاء بیرسٹر گوہر اور خواجہ حارث کے بیانات حکم نامے کا حصہ ہیں۔
تحریری حکم نامے کے مطابق عدالتی آرڈر شیٹ گم ہونے کے بعد نئی آرڈر شیٹ تیار کر لی گئی ہے۔
تحریری حکم نامے کے مطابق عدالت کو بتایا گیا کہ گم شدہ آرڈر شیٹ کمپیوٹر میں محفوظ ہے، فائل گم ہونے کے تنازع کے حل کے لیے فائل دوبارہ بنائی گئی ہے۔عدالتی تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ دن ساڑھے 3 بجے عدالت کو بتایا گیا کہ عمران خان عدالت پہنچنے والے ہیں، عدالت نے ہدایت کی کہ عمران خان 4 بجے پیش ہوں۔
تحریری حکم نامے میں عدالت کا کہنا ہے کہ وکلا ء، میڈیا اور باقی لوگوں نے بتایا کہ عمران خان 4 بجے سے گیٹ کے باہر موجود ہیں۔عدالت کے تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ عدالت کو بتایا گیا کہ امن و امان کی خراب صورتِ حال اور پتھراؤ کی وجہ سے عمران خان کا عدالت پہنچنا مشکل ہے۔
