کراچی: شہر قائد میں تحریک انصاف کی ریلی کے دوران تشدد کا نشانہ بننے والا ہیرو گدھا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک ہفتے بعد دم توڑ گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں گزشتہ دنوں سیاسی جماعت کی ریلی کے دوران گدھے کو تحریک انصاف کے کارکنان نے عمران خان کے بیان کے بعد بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس کے نیتجے میں اسے شدید چوٹیں آئیں اور وہ بے ہوش ہوگیا۔
گدھے پر ہونے والے اندہناک ظلم کے باعث اُس کا سر پھٹ گیا تھا اور پیروں کی ہڈیاں ٹوٹ گئیں تھیں، سوشل میڈیا پر مذکورہ گدھے کی تصاویر وائرل ہوئیں تو جانوروں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیم نے اُسے تحویل میں لے کر فلاحی مرکز منتقل کیا۔
اےسی ایف اینیمل کے مطابق سیاسی کارکنان کے تشدد کا نشانہ بننے والا گدھا دم توڑ گیا ہے۔
اے سی ایف اینیمل کی فیس بک پوسٹ میں بتایا گیا ہےکہ گزشتہ روز اس کی حالت بہتر تھی، وہ اپنے پیروں پر کھڑا ہوا اور بہتر طریقے اپنی غذا بھی لی۔
اے سی ایف اینیمل کی جانب سے کہا گیاہےکہ واقعے کے بعد یہ جانور صرف ایک ہفتہ زندہ رہ سکا اور اب دم توڑ گیا۔
واضح رہے کہ سیاسی جماعت کی ریلی کے دوران گدھے کو صرف اس بنا پر نشانہ بنایا گیا کہ اس پر ایک سیاسی حریف کا نام تحریر تھا۔
انسانی حیوانیت کے اس واقعے پر عوام کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا تھا اور اس عمل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس کی مذمت بھی کی گئی لیکن اس کے باوجود سیاسی جماعتوں کے کارکنان پر کوئی اثر نہ ہوا اور 18 جولائی کو ایک اور گدھے کو سیاسی اختلاف کی بھینٹ چڑھا دیا گیا۔
خبر کو عام عوام تک پہنچانے میں ہمارا ساتھ دیں، صارفین کے کمنٹس سے ادارے کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
