کراچی: ڈسٹرکٹ سینٹرل میں ضلعی انتظامیہ عوام کو سہولت فراہم کرنے والوں کے خلاف میدان میں آگئی۔ ڈی سی سینٹرل کے عملے نے سستا فروٹ اور سبزی کا اسٹال لگانے والوں کو سستا سامان بیچنے سے روک دیا۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے سبزی اور فروٹ کا اسٹال علاقے میں نہیں لگایا جاسکتا۔ اسٹال لگانے کے لیے صرف درخواستیں کافی نہیں ہیں۔
یو سی 8 سے منتخب وائس چیئرمین کے مطابق کراچی ضلع وسطی میں فتح پارک نزد ضیاء الدین ہسپتال پر ماہ صیام میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے رعایتی قیمت پر پھل اور سبزی فروخت کرنے کے اسٹال لگانے کی درخواست 14 تاریخ کو ضلعی انتظامیہ سمیت تمام متعلقہ اداروں میں مقررہ وقت سے پہلے جمع کروادی تھی۔ اس کے باوجود انتظامیہ اسٹال لگانے سے روک رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے ضلع بھر میں جگہ جگہ غیر قانونی ٹھیلے پتھارے لگا کر مہنگے داموں سبزی اور پھل فروخت کرنے والوں کو روکنے والا کوئی نہیں ہے لیکن جہاں سے عوام کو ریلیف مل رہا ہو وہاں رکاوٹیں لگانے ڈی سی صاحب اپنے عملے کے ساتھ موجود ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈپٹی کمشنر ضلع میں غیر قانونی ٹھیلے پتھاروں کے خلاف کریک ڈاؤن نا کہ عوام کو سہولت فراہم کرنے والوں کو تنگ کریں۔