حیدر آباد : سندھ کے 15 اضلاع میں مختلف وجوہات کی وجہ سے روکی گئی پولنگ آج جاری ہے۔صبح 8 بجے شروع ہونے والا ووٹنگ کا عمل شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔
سندھ کے 15 اضلاع میں بلدیاتی الیکشن کے سلسلے میں 90 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ ہو رہی ہے۔ضلع جیکب آباد، کشمور، شکار پور، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، سکھر، خیر پور، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، میر پور خاص، عمر کوٹ، تھر پارکر، حیدر آباد، جامشورو اور بدین میں مختلف کونسلز کی کیٹیگریز چیئرمین، وائس چیئرمین، ممبر ڈسٹرکٹ کونسل، جنرل ممبرز کی نشستوں پر دوبارہ پولنگ جاری ہے۔
خیر پور کے ٹاؤن کمیٹی کوٹ ڈیجی وارڈ 5 سے جی ڈی اے نے الیکشن کا بائیکاٹ کر دیا۔
جی ڈی اے امیدوار میر نظر حسین تالپور نے کہا ہے کہ پولیس ہمارے پولنگ ایجنٹس اور ووٹرز کو آنے نہیں دے رہی، سرکاری مشینری کے استعمال پر الیکشن کمیشن سےرجوع کریں گے۔میر شاہ نواز تالپور نے الزام لگایا ہے کہ پولیس نے گاؤں سے ہمارے پولنگ ایجنٹس اٹھا لیے ہیں۔
حیدر آباد میونسپل کارپوریشن کی 2 یوسیز کے 2 پولنگ اسٹیشنز پر آج دوبارہ پولنگ ہو رہی ہے۔
حیدر آباد کی یوسی 35 اور 28 کے چیئرمین کے انتخاب کے لیے، یوسی 35 کے وارڈ 3 اور یوسی 28 کے وارڈ 1 پر جنرل ممبرز کے لیے ووٹنگ ہو رہی ہے۔
نوابشاہ میں میونسپل کمیٹی، یونین کمیٹی اور یونین کونسل سمیت 4 حلقوں میں آج انتخاب ہو رہا ہے۔
ریجنل الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ چیئرمین، وائس چیئرمین، جنرل کونسلر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہو رہی ہے۔
نوابشاہ میں یونین کمیٹی 6 سے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے چیئرمین کے امیدوار یعقوب آرائیں دستبردار ہو گئے۔