راولپنڈی: ون ویلرز کا ٹریفک چوکی پر حملہ، متعدد اہلکار زخمی

راولپنڈی میں ون ویلرز نے پولیس چوکی پر حملہ کرکے سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی اور اس دوران پولیس ہلکاروں کو زخمی بھی کردیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر پانچ افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

راولپنڈی پولیس کے مطابق رمضان المبارک میں ون ویلنگ کرکے کرتب دیکھانے والے ویلرز کے خلاف ٹریفک پولیس نے آپریشن تیز کر دیا، سحری کے بعد ون ویلنگ سے روکنے کے دوران درجنوں ون ویلرز نے چاندنی چوک میں ٹریفک پولیس کی چوک پر ہلہ بول دیا۔

اس حملے میں ون ویلرز نے پولیس چوکی، گاڑی اور سرکاری موٹرسائیکلوں کو آگ لگانے کی کوشش کی، ون ویلرز کے ساتھ جھگڑے میں دو ٹریفک وارڈنز عبدالباسط اور اخلاق زخمی ہو گئے۔

اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، جنھوں نے 5 ون ویلرز کو گرفتار کرکے تھانہ نیو ٹاون منتقل کردیا ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر یوسف علی شاہد نے ڈان نیوز کو بتایا کہ رمضان المبارک میں ون ویلنگ کی شکایات کے بعد کریک ڈاؤن کا آغاز کیا گیا تھا اور پہلے بیس رمضان میں تقریبا 30 کے قریب ون ویلرز کو گرفتار کرکے مقدمات درج کیے جاچکے ہیں۔

چیف ٹریفک آفیسر کا کہنا ہے کہ پہلے بیس رمضان میں ٹریفک وارڈنز پر حملے بھی کیے گئے،19ویں رمضان المبارک کو صبح سحری کے بعد نامعلوم ون ویلرز نے ٹریفک وارڈنز سہیل شہزاد کو سکستھ روڈ کے قریب فائرنگ کا نشانہ بنا کر زخمی کر دیا تھا اور جمعہ کو ون ویلرز نے چاندنی چوک ٹریفک چوکی کو آگ لگانے کی کوشش کی۔

سی ٹی او کا کہنا تھا کہ 5 ون ویلرز کے خلاف کار سرکار میں مداخلت، لڑائی جھگڑا، دھاوا بولنے سمیت دیگر دفعات کے تحت تھانہ نیو ٹاون میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ راولپنڈی میں ٹریفک پولیس کی نفری میں کمی کے باوجود ٹریفک کو رواں دواں رکھنے میں کامیاب ہو چکے ہیں اور اب ون ویلرز کے خلاف آپریشن کیا جا رہا ہے اور اس میں بھی کافی حد تک ٹریفک وارڈنز کامیاب ہو چکے ہیں۔

سی ٹی او کا کہنا تھا کہ لڑائی جھگڑا اور فائرنگ کے واقعات سے ٹریفک پولیس کے حوصلے پست نہیں ہونگے بلکہ مزید جان فشانی سے کام کرتے ہوئے ون ویلرز کو روکنے میں کامیاب ہونگے۔

ادھر نیو ٹاون پولیس نے ڈان نیوز کو بتایا کہ اب تک گرفتار کیے گئے ون ویلرز کے پاس نہ تو ڈرائیونگ لائسنس ہے اور اکثر کے پاس موٹرسائیکل کی رجسٹریشن بکس ہی نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ون ویلرز کے پاس سے جو بھی موٹرسائیکل برآمد ہوئے ہیں وہ سب آسان اقساط پر لیے گئے ہیں اس سلسلے میں پولیس موٹرسائیکل شورومز مالکان سے بھی بات کر رہی ہے کہ ایسے نوجوانوں کو موٹرسائیکل قسطوں پر فراہم کیا جائے جن کے پاس ڈرائیونگ لائسنس ہو اور بطور ضمانت نوجوانوں کا ڈرائیونگ لائسنس بھی شورومز مالکان اپنے پاس رکھیں تاہم اس سلسلے میں ابھی بات چیت کا سلسلہ جاری ہے اور اُمید ہے کہ کامیابی ہوگی۔

ون ویلنگ کے خلاف کارروائی کے دوران گزشتہ روز ون ویلر کو روکنے پر وارڈن سہیل شہزاد کو گولی مار کر شدید زخمی کر دیا گیا تھااور آج چوکی پر ساتھیوں کے ہمراہ حملہ کر دیا،، ٹریفک پولیس نے مری روڈ پر نوجوانوں کی زندگیاں بچانے کے لئے ون ویلنگ کے خلاف آپریشن شروع کر رکھا ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں: