کراچی ( اسٹاف رپورٹر) آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے اعلان کیا ہے کہ کراچی کے تاجر ملک کے 71 ویں یومِ آزادی پر وطن، قوم، افواجِ پاکستان اور رینجرز سے اظہارِ یکجہتی کی نئی تاریخ رقم کریں گے۔
انہوں نے مختلف مارکیٹوں میں سجاوٹ اور پرچم کشائی کے سلسلے میں تقاریب کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد جاری ایک بیان میں انہوں نےکہا کہ شہر کو سبز ہلالی پرچموں، رنگ برنگے قمقموں اور بینروں سے سجانے کا عمل شروع ہوگیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ رواں سال جشنِ آزادی پر خریداری کا نیا ریکارڈ قائم ہوگا جس کا تخمینہ 15 ارب روپے سے زائد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ دنیا کے تمام ممالک کے مقابلے میں اپنے ملک اور فوج سے دیوانہ وار محبت اور عقیدت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں اور تاجروں کے مثالی جوش و جذبہ اور ولولہ کے باعث یوم آزادی عید الفطر کے بعد ملک کا دوسرا بڑا تہوار بن گیا ہے، گذشتہ سالوں کی طرح رواں سال بھی 13 اگست کی رات چاند رات سے زیادہ پُررونق اور رنگین ہوگی، بیشتر بازار، عمارتیں اور مکان لائٹنگ، برقی قمقموں اور رنگین جھالروں سے سجائے جارہے ہیں۔
عتیق میر کا کہنا تھا کہ آزادی کی خوشی میں رواں سال بھی ملّی نغموں پر مشتمل موسیقی کے پروگرام اور قومی پرچم لہرانے کی ہزاروں تقریبات منعقد جائیں گی، یومِ آزادی سے قبل ہی کاروں، بسوں، رکشوں، ٹرکوں اور موٹر سائیکلوں پر جھنڈے لہرارہے ہیں جبکہ ان گنت مقامات پر دعوتوں کا اہتمام، مٹھائی تقسیم اور آزادی کی سالگرہ کے کیک بھی کاٹے جائیں گے،انہوں نے کہا کہ قوم کا جذبہ حب الوطنی ملک کے روشن مستقبل، سلامتی اور بقاء کیلئے خوش آئند اور پاکستان کے دشمنوں کیلئے کھلا پیغام ہے، پاکستان کے غیّور اور بہادر عوام مشکل سے مشکل حالات میں بھی ملک پر نثار ہونے کا جذبہ رکھتے ہیں۔