کراچی: شہر قائد کے علاقے گزری پل پر ریسنگ کے دوران دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا جس میں کئی موٹرسائیکل سوار ٹکرا کر شدید زخمی ہو گئے ۔
پولیس حکام کے مطابق گزری پل پرپیرکی صبح 7 بجے کے قریب ریسنگ اور ون وہیلنگ کے دوران کئی موٹرسائیکل سوار ایک دوسرے سے ٹکرا کر زخمی ہوگئے گئےجن میں ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔
واقعے کے فورا بعد کی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی ہے۔پولیس حکام کے مطابق 50 سے زائد نوجوان موٹر سائیکل پر ریس لگا رہے تھے۔
گزری پل پر موٹرسائیکل ریسنگ اور ون وہیلنگ میں ملوث 7 رائیڈرز کو پولیس نے گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے۔پولیس حکام کے مطابق مذکورہ مقام پر موٹربائیک ریسنگ کی روک تھام کے لیے پولیس گشت میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔
2دریا سے گزری تک موٹر سائیکل سواروں کی ریسنگ کے باعث اتوار کا دن ڈیفنس اور گزری کے شہریوں کے لیے اذیت بننے لگا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر اتوار کو بائیکرز ریس لگاتے ہیں۔
تیز رفتاری کی وجہ سے کئی حادثات رونما ہوتے ہیں۔شہریوں نے بتایا کہ کراچی کے مختلف علاقوں سے آنے والے نوجوان اس ریس میں شامل ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ گزری پل کے اوپر بھی ریسنگ کی جاتی ہے، بعض اوقات ریسنگ کے دوران نوجوانوں کی جان بھی چلی جاتی ہے، لیکن کوئی ان کو روکنے والا نہیں ہے۔
