تمام قومیتوں کو برابری کی سطح پر موقع ملنا چاہیے ، خالد مقبول

کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ اب کراچی اس پالیسی کا متحمل نہیں ہو سکتا کہ اس کو ایک منصوبے کے تحت کم گنا جائے، کراچی چل رہا ہے تو پاکستان چل رہا ہے، تمام طبقوں اور قومیتوں کو برابر سمجھا جائے اور برابری کے مواقع فراہم کیئے جائیں۔

انہوں نے کہاکہ جب بھی ہمیں موقع ملا ہنگامی بنیادوں پر تعلیمی ایمرجنسی لگا کر علم کا حصول سب کیلئے آسان کر دیں گے ،سندھ حکومت شہر کو بڑے بحران کی جانب نہ دھکیلے، 3 کروڑ نفوس سے زائد کے شہر کراچی میں گندم پورے ملک سے زیادہ مہنگی ہے، دوسرا گیس کا بحران انڈسٹری کو متاثر کر رہا ہے جس سے معاشی پہیہ مزید جام ہو جائے گا عوامی مسائل کے حل کے لیے شہری اداروں کو سنبھالنے کا اختیار شہر کے بیٹوں کو دیا جانا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم کےسالانہ امدادی پروگرام کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر، سینئر ڈپٹی کنوینرز نسرین جلیل، ڈاکٹر فاروق ستار، سید مصطفیٰ کمال ڈپٹی کنوینر انیس قائم خانی رکن رابطہ کمیٹی و وفاقی وزیر فیصل سبزواری سمیت اراکین رابطہ کمیٹی، حق پرست اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی اور کے کے ایف انتظامیہ کے اراکین موجود تھے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے گزشتہ چالیس سالوں سے ہر قسم کے حالات میں عوامی خدمات کو ترک نہیں کیا، ایم کیو ایم پاکستان سیاست میں صرف خدمت کے پہلو کو ہی مقصد مانتی ہے کوئی تفریق کیے بغیر تمام زبان بولنے والے حقداروں کو امداد پہنچانا ہمارا مشن رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم پاکستان نے خدمت کا دائرہ پورے ملک میں پھیلا دیا تھا، ریاست درخواست ہے کہ ہماری خدمت کے عزم کو دیکھتے ہوئے ہمیں آگے بڑھنے دے، دنیا بھر میں چیریٹی کا سب سے بڑا مرکز کراچی ہے، ہم ایمانداری سے مستحقین کی دہلیز تک امداد پہنچاتے ہیں۔