کیف : یوکرین کے دارالحکومت کیف کے آسمان میں ایک تیز روشنی دکھائی دی ۔
روشنی کی تیز چمک نے اس کے منبع کے حوالے سے معمہ کھڑا کردیا۔ کیف حکام نے ابتدائی طور پر اسے امریکی خلائی ایجنسی ناسا کے ایک سیٹلائٹ کی فضا میں واپسی سے منسوب کیا۔
دوسری جانب ناسا نے کہا کہ جس وقت آسمان پر فلیش ہوا اس وقت تک سیٹلائٹ زمین کی فضا یا ماحول میں داخل نہیں ہوا تھا۔
کیف کی فوجی انتظامیہ کے سربراہ سرگئی پوپکو نے ٹیلی گرام پر کہا کہ 19 اپریل کو تقریباً 20 بجے کیف کے آسمان پر ایک فضائی چیز کی تابکار چمک کا پتہ چلا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق یہ فلیش ناسا کے سیٹلائٹ کے گرنے کی وجہ سے ہوا ہے۔
کچھ دیر بعد یوکرین کی فضائیہ نے بھی تصدیق کی کہ یہ فلیش سیٹیلائٹ کے گرنے سے منسلک ہے۔ تاہم یوکرینی فضائیہ نے ساتھ یہ بھی کہا کہ اس معاملے کو ابھی واضح کرنا ضروری ہے۔ امریکی خلائی ایجنسی نے اس ہفتے اعلان کیا تھا کہ 300 کلوگرام وزنی سیٹلائٹ بدھ کو کسی بھی وقت فضا میں واپس آئے گا۔
ناسا نے بدھ کو کہا کہ پینٹاگون کو توقع ہے کہ سیٹلائٹ تقریباً ایک گھنٹے کے فرق کے ساتھ بدھ کو لگ بھگ 20 بج کر 50 منٹ پر فضا میں داخل ہوا۔ ایجنسی نے تصدیق کی کہ آج سے پہلے ناسا کا کوئی اور سیٹلائٹ فضا میں داخل نہیں ہوا۔ اے ایف پی کے ایک صحافی ’’پوپکو‘‘ نے آسمان پر ایک چمک دیکھی جس کے بعد کوئی آواز نہیں آرہی تھی۔ پوپکو نے کہا کہ فضائی حملے کے انتباہی سائرن بج رہے تھے لیکن فضائی دفاع فعال نہیں ہوا۔
سوشل نیٹ ورکس پر کئی چینلز کی جانب سے فلیش کی ویڈیوز سامنے آنے کے بعد قیاس آرائیاں پھیل گئیں۔
(نیٹ نیوز/مانیٹرنگ ڈیسک)
