سوات : کبل میں واقع محکمۂ انسدادِ دہشت گردی کے تھانے میں گزشتہ روز ہونے والے دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد 18 ہو گئی، واقعے میں 51 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
گزشتہ روز ہونے والے دھماکے کا زخمی اے ایس آئی عمیرخان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔اسپتال انتظامیہ کے مطابق اے ایس آئی عمیر خان کی شہادت کے بعد شہید اہلکاروں کی تعداد 10 ہو گئی، جبکہ 3 شہریوں کی میتیں بھی ورثاء کے حوالے کی ہیں۔
آئی جی پولیس اخترحیات گنڈاپور کے مطابق ّدھماکے میں 10 پولیس اہلکار اور 3 عام شہری شہید ہوئے جبکہ دہشت گردی کے الزام میں قید 5 ملزمان بھی جان سے گئے۔
ذرائع کے مطابق دھماکے کی جگہ پر ملبے میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک51 زخمی اسپتال منتقل کیے گئے ہیں۔
تمام میتوں کو ان کے آبائی علاقوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ریسکیو ذرائع نے بتایا ہے کہ واقعے میں ملاکنڈ، بونیر، شانگلہ، چترال، مردان، ضلع سوات کے شہداء شامل ہیں۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ریسکیو کے 100 سے زائد اہلکار ہیوی مشینری کے ذریعے آپریشن میں شریک ہیں۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سوات ملک شیر دل خان کے مطابق تمام ملبہ کلیئر ہونے تک آپریشن جاری رہے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کی تحقیقات کے لیے 2 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس میں سیکریٹری داخلہ عابد مجید اور ڈی آئی جی اسپیشل برانچ شامل ہیں۔ کمیٹی کو تحقیقات جلد مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
