وزیر دفاع خواجہ آصف ثاقب نثار کی سامنے آنے والی مبینہ آڈیو پر دکھی ہوگئے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر آڈیو لیکس کے حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے خواجہ آصف نے لکھا کہ ’میاں ثاقب صاحب! آپ کی آڈیو سن کر بہت دکھ ہوا، آپ نواز شریف سے دشمنی میں بہت دور چلے گئے‘۔
انہوں نے لکھا کہ ’آپ نے چودہ ، پندرہ سال قبل نواز شریف اور شہباز شریف سے متعلق دو شکوے مجھ سے کیے جو سراسر بے بنیاد ہیں اور میں میڈیا میں ان کی حقیقت بیان کرسکتا ہوں‘۔
میاں ثاقب صاحب آپ کی آڈیو سنی بہت دکھ ھوا آپ نواز شریف دشمنی میں بہت دور چلے گئے۔ آپ نے 14/15 سال قبل اپنے نواز و شیہباز شریف کے ساتھ 2گلے مجھ سے بیان کیے جو سراسر بے بنیاد ھیں میں میڈیا پہ حقیقت بیان کر سکتا ھوں۔آپ نے نواز شریف سے بدلہ لے لیا اسکو سزا سنائ ۔اب کتنی دیر اور اس…
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) April 25, 2023
خواجہ آصف نے لکھا کہ ’آپ نے نواز شریف سے بدلہ لے لیا، اُسے سزا سنائی اور اب کتنی دیر اس زہر کو پالتے رہیں گے‘۔
وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے آڈیو لیک پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’بیگمات ، ساس، بچے ڈیم بابا بمقابلہ آئین پاکستان ہے، اب وقت کم اور مقابلہ بہت سخت ہوگیا ہے‘۔
صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ’آڈیو لیکس سامنے آنے کے بعد ثاقب نثار کے تمام از خود نوٹسسز پر سوالات اٹھ گئے ہیں کیونکہ ایک جج کیسے بول سکتا ہے کہ تم پٹیشن یا فیصلہ پڑھ کر تیاری کرو‘۔
شرجیل میمن نے کہا کہ ’یہ ایک گروہ تھا، ثاقب نثار نے پہلے دن سے عمران خان کے لیے بہت سارے کام کیے، مخالفوں کو دی گئی سزائیں اور اُن کے خلاف مقدمات بھی اسی سلسلے کی کڑی ہیں‘۔
