کراچی: وزیر خوراک و ایکسائز مکیش کمار نے کہا ہےکہ سندھ میں گندم کا بحران نہیں، حکومت 4 لاکھ میٹرک ٹن گندم امپورٹ کرچکی، 14 لاکھ میٹرک ٹن کا ہدف ہے، فلور ملز کو پہلے 10 دن گندم لانے کی اجازت دی، ہمارے پاس کراچی میں بھی گندم موجود ہے۔
سندھ اسمبلی اجلاس میں انہوں نے بتایا کہ پاسکو کے بیگ بھی پڑے ہیں، مارکیٹ میں آٹا 125 روپے کلو ہونا چاہیے۔ تلخ کلامی کےبعد مکیش کمار نے کہا کہ خرم شیر زمان کو عقل نہیں، صرف پوائنٹ اسکورنگ کررہے ہیں، بعد ازاں انہوں نے کہا کہ 2017 میں ایکسائز نے 3 ارب کا ٹیکس جمع کیا، صرف کراچی میں 1 ارب 78 کروڑ 76 لاکھ روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔ 2022 میں 5 ارب جمع ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ منشیات پر اسمبلی نے نیا قانون منظور کیا تھا، آئس کیسز پر کارروائی ہوئی ہے، کراچی میں بڑی مقدار میں آئس بنانے کی چیزیں پکڑی تھیں، جن کی مالیت 5 ارب سے زائد تھی۔ مجھے کیماڑی کے حوالے سے رزلٹ چاہیے۔ شراب کی کوئی دکان نہیں کھل سکتی۔ سرعام شراب نوشی کی اجازت نہیں۔ تعلیمی اداروں میں منشیات استعمال کی شکایات ملتی ہیں۔
وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے بتایا کہ بچوں کو بتایا جائے کہ نشہ صحت کیلئے کتنا بُرا ہے۔ ایک ٹاسک فورس بنے گی جو اسکول اور کالج جائے گی۔ اجلاس سوا گھنٹے تاخیر سے ڈپٹی اسپیکر ریحانہ لغاری کی زیر صدارت شروع ہوا تھا، کارروائی کے دوران واٹر بورڈ بل، سندھ الیکٹرک پاور سروس بل اور مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ بل غور کیلئے مجالس قائمہ کے حوالے کئے گئے۔
ایجوکیشن سٹی ترمیمی بل کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ جس کے بعد ایوان نے بل کی منظوری دی۔ اجلاس پیر کی دوپہر2 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔