تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والی 91 سالہ معمر خاتون نے اپنی مسلسل محنت اور مستقل مزاجی کے بعد بالاخر یونیورسٹی سے بیچلر ڈگری حاصل کر لی ہے۔
کملان جناکل نامی معمر خاتون کا کہنا ہے کہ پڑھائی اور علم حاصل کرنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی۔ ان کا کہنا ہے کہ اپنا مقصد حاصل کرنے کیلئے 10 سال محنت کی لیکن اس دوران کبھی ہمت نہیں ہاری۔
کملان کے مطابق اس کی ہمیشہ سے خواہش تھی کہ وہ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کرے لیکن بعض وجوہات کی وجہ سے وہ اسے پورا نہیں کر پا رہی تھی۔ تاہم جب اس کے بچے تعلیم یافتہ ہوئے تو اس نے ایک مرتبہ پھر سے پڑھنے کی ٹھانی اور یونیورسٹی میں داخلہ لے لیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق معمر تھائی خاتون کے پانچ بچے ہیں جن میں سے چار نے ماسٹرز ڈگری جبکہ ایک نے امریکا سے پی ایچ ڈی کر رکھی ہے۔ معمر ہونے کے باوجود اپنی کامیابی کا راز بتاتے ہوئے کملان جناکل کا کہنا تھا کہ صرف اپنے مقصد کے تعین اور امنگ نے ہی انھیں یہ ڈگری حاصل کرنے کے قابل بنایا۔