مہنگائی کے اس دور میں جہاں امیر آدمی کو اپنے بچوں کو اسکول کی تعلیم دینا بھاری پڑ رہا ہے وہیں ایک پھل فروش کی بیٹی نے اکنامکس میں ایم ایس سی کر کے نئی مثال قائم کردی۔
لاہور یونیورسٹی سے ایم ایس سی اکنامکس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والی نورالصباح پھل فروش کی صاحبزادی ہیں، انہوں نے امتیازی نمبروں سے پاس ہوکر گولڈ میڈل حاصل کیا، کانویکیشن میں صباح نے اپنے والد کو گولڈ میڈل پہنا کر سب کو آبدیدہ کردیا۔
اپنا گولڈ میڈل حاصل کرنے کے بعد نور الصباح کا کہنا تھا کہ ’میں فخر سے یہ بات کہتی ہوں کہ میرے والد پھل فروخت کرتے اور والدہ کپڑے سیتی ہیں، دونوں نے میری پڑھائی کے لیے بہت زیادہ محنت کی اور کبھی کسی چیز کی کمی نہیں ہونے دی، اب وقت ہے کہ وہ آرام کریں اور میں ان کے لیے کام کروں‘۔
نورالصباح کے والد عبدالغفار کا کہنا تھاکہ ہم تعلیم کی اہمیت سے باخبر ہیں، میری پانچ بچیاں ہیں اور سب ہی تعلیم حاصل کررہی ہیں، بیٹیاں میری کمزوری نہیں بلکہ ہماری طاقت ہے، نور الصباح پڑھتی گئی اور ہم اس کے لیے انتظامات کرتے گئے، آگے بھی یہ یا دوسری بیٹیاں پڑھائی کریں گی تو انہیں مکمل اجازت ہے۔
طالبہ نے اپنی کامیابی کا سہرا والد کو دیا اور انہیں اسٹیج پر بلا کر گولڈ میڈل پہناتے ہوئے کہا کہ یہ دراصل میری نہیں بلکہ آپ کی کامیابی ہے۔