کچہ آپریشن کا ایک ماہ مکمل،پولیس کی پیش قدمی جاری

رحیم یارخان: کچہ آپریشن کو ایک ماہ مکمل ہوگیا ہے۔اس دوران پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کا نیٹ ورک تہس نہس کر دیا ، نوگو ایریا سمجھا جانے والا ہزاروں ایکٹر رقبہ جرائم پیشہ عناصر کے درجنوں ٹھکانے مسمارو نذر آتش کرکےکلیئر کردیا گیا ہے۔

آپریشن کے دوران 3ڈاکو ہلاک ہوئے ،5 نے سرنڈرکیا جبکہ درجنوں گرفتارکرلئے گئے۔جن سے بڑی تعداد میں خطرناک ہتھیار و گولہ بارود قبضہ میں لیا گیا۔آپریشن سے ریاست و قانون کی عمل داری مضبوط ہوگئی ۔

پولیس کی پیش قدمی جاری ہے اور رجوانی کے گرد پولیس دستوں کی پوزیشن مستحکم ہوگئی ہے۔ ضلع رحیم یارخان کی سمت سےآپریشن کی نگرانی آر پی او بہاولپور رائے بابر سعید اور ڈی پی او رحیم یارخان رضوان عمر گوندل کر رہے ہیں۔

جرائم پیشہ افراد سے واگزارکرائے گئے رقبہ پرمتعدد پولیس کیمپس، ناکہ بندی پوائنٹس اور او پی پوسٹس قائم کر دی گئی ہیں جن کی مدد سے کچہ کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔

عام آدمی کی کچہ میں زندگی معمول کی جانب لوٹ رہی ہے اور لوگ کچہ میں کھیتی باڑی، مویشی چرانے اور دیگر ذرائع سے روز گارحاصل کرنے لگے ہیں۔ پولیس کچہ کراچی کا اکثریتی علاقہ کلیئر کرتے ہوئے جزیرہ نما دریائے سندھ کے بیچوں بیچ کچہ رجوانی پر اپنا فوکس جاری رکھے ہوئے ہے، جس میں وقفے وقفے سے دو طرفہ فائرنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔

کچہ میں آپریشن بنگیانی، سکھانی، عمرانی، لنڈ، دلانی اور سادانی جیسے خطرناک گینگز کے خلاف کیاگیا ہے۔

کچی مورو، کچہ جمال، کچہ عمرانی، چک کپڑا، چک چراغ شاہ، جونگو ٹھنڈی، خیر پور بمبلی، چک چانڈیہ، رکھ شاہوالی اور کچہ راضی سےان گینگزکا صفایا کرکے حکومت کی رٹ قائم کردی گئی ہے۔