ایم کیو ایم اور پی پی میں قربتیں بڑھنے لگیں

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان اور پیپلزپارٹی میں قربتیں بڑھنے لگیں، پی پی قیادت کی استدعا پر متحدہ نے سینیٹ کی نشست سے اپنے امیدوار کو دستبردار کروادیا جس کے بعد پیپلزپارٹی کے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سینیٹر منتخب ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق سعید غنی کے استعفیٰ کے بعد خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پر ایم کیو ایم نے اپنا امیدوار میدان میں اتارنے کا اعلان کیا تھا، متحدہ کی جانب سے متوقع امیدوار کامران ٹیسوری تھے جبکہ پی پی کے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے۔

گزشتہ روز پیپلزپارٹی کی قیادت نے بات چیت کے بعد متحدہ قیادت نے سینیٹ انتخابات سے اپنے امیدوار کو دستبردار کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پی پی امیدوار کی غیرمشروط حمایت کا اعلان کیا۔

ایم کیو ایم کے امیدوار کی دستبرداری اور غیر مشروط حمایت کے بعد وزیراعلیٰ کے سابق مشیر مرتضیٰ وہاب سینیٹ کی نشست پر بلامقابلہ منتخب ہوجائیں گے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے اُن کا نوٹی فکیشن 17 اگست کو جاری کیا جائے گا۔

واضح رہے سعید غنی پی ایس 114 سے منتخب ہونے کے بعد سینیٹ کی نشست سے مستعفیٰ ہوگئے ہیں، محمودآباد انتخابات کے بعد متحدہ اور پیپلزپارٹی کی قیادت میں اختلافات کھل کر سامنے آئے تھے اور دونوں قیادتیں ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کررہی تھیں۔